آریان خان کے خلاف منشیات کیس میں ایک سنسنی خیز انکشاف اس وقت سامنے آیا جب ایک سرکاری گواہ نے اپنے بیان سے منحرف ہوتے ہوئے کہا کہ بھارتی نارکوٹکس کنٹرول بیورو کے تفتیشی افسران نے آریان کی رہائی کیلئے شاہ رخ خان سے 25 کروڑ روپے کی رشوت طلب کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق نارکوٹکس کنٹرول بیورو کے گواہ پربھاکر سائل نے عدالت میں جمع کرائے گئے اپنے بیان میں کہا ہے کہ وہ ایک نجی جاسوس کے پی گوساوی کا ذاتی محافظ ہے، پربھاکر سائل نے انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ اس نے3 اکتوبر کو ایک شخص سیم ڈیسوزہ سے گوساوی کی ہونے والی گفتگو سنی تھی جس میں یہ کہاجا رہا تھا کہ 18 کروڑ روپےمیں معاملہ طے ہو گیا ہے اور معاملے کی تحقیقات کرنے والے نارکوٹکس کنٹرول بیورو کے زونل ڈائریکٹر سمیر وانکھیڈے کو آٹھ کروڑ روپے دینے ہیں۔ پربھاکر سائل کا مزید کہنا تھا کہ یہ رقم مجھے دی گئی تھی جسے میں نے خود سیم ڈیسوزہ کے حوالے کیا تھا۔
آریان خان منشیات کیس میں کے پی گوساوی کا کردار بہت اہم ہے کیونکہ یہ بھی اسی کروز پر موجود تھے جس پارٹی سے آریان خان کو گرفتار کیا گیا تھا اور گرفتاری کے وقت آریان کی گوساوی کے ساتھ ایک سیلفی بھی وائرل ہوئی تھی۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق گوساوی ایک نجی جاسوس ہے جس کے خلاف کئی مجرمانہ مقدمات عدالتوں میں زیر سماعت ہیں اور اسے ممبئی کے ساحل پر کروز جہاز میں دیکھا گیا تھا۔ اس کیس میں نارکوٹکس کنٹرول بیورو نے پربھاکر سائل اور گوساوی کو اپنا گواہ بنایا تھا اور جب سے گوساوی کا اس کیس میں نام سامنے آیا ہے وہ روپوش ہے جسے ابھی تک تلاش کیا جا رہا ہے۔
این سی بی کے گواہ پربھاکر سائل نے این بی سی پر ہی بڑاالزام عائدکرتے ہوئے کہا ہے کہ این سی بی نے کے پی گوساوی کو اغوا کر لیا ہے جس کی جان کو خطرہ ہے اسی لیے وہ عدالت میں حلفی بیان جمع کرا رہے ہیں۔
بھارتی تجزیہ کار شیبہ اسلم کا کہنا ہے کہ بی جے پی کی مرکزی حکومت نے جن ریاستوں میں بی جے پی کی حکومت نہیں تھی انہیں کمزور کرنے کیلئے ریاست کے گورنرز اور دیگر ریاسی اداروں کو استعمال کیا، اور پھر حکومتیں گرائی گئیں، آریان کا کیس بھی اسی سلسلے کی کڑی لگتا ہے کیونکہ اب تک کی کارروائی سے یہی لگ رہا ہے کہ یہ کیس منشیات کا کم اور سیاست کا زیادہ ہے۔
یاد رہے کہ آریان کی گرفتاری سے قبل مہاراشٹرا کے وزیر اعلیٰ اودھو ٹھاکرے نے بھی نارکوٹکس کنٹرول بیورو کا نام لے کر کہا تھا کہ بی جے پی کی مرکزی حکومت ہماری ریاستی حکومت کو کمزور کرنے کیلئے این سی بی جیسی مرکزی ایجنسی کا استعمال کر رہی ہے۔