بالی وڈ کا اداکارہ سوناکشی سنہا کے دھوکہ دہی کیس میں وارنٹ گرفتاری جاری کر دئیے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اداکارہ پر الزام ہے کہ انہوں نے 2019ء میں بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں منعقدہ ایک ایونٹ میں شرکت کیلئے 37 لاکھ روپے وصول کئے تھے، اور بعد ازاں ایونٹ میں شریک نہیں ہوئی تھیں۔
ایونٹ آرگنائزر پرمود شرما کا کہنا ہے کہ انہوں نے 2019ء میں ایک تقریب منعقد کی تھی، جس میں انہوں نے سوناکشی سنہا کو بطور مہمان خصوصی مدعو کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ 37 لاکھ روپے کی بھاری رقم وصول کرنے کے باوجود بھی اداکارہ نے مذکورہ تقریب میں شرکت نہیں کی۔
پرمود شرما کا مزید کہنا تھا کہ تقریب کے بعد ہم نے اداکارہ سے رقم واپسی کا تقاضہ کیا تھا، لیکن انکی منیجر نے رقم واپس کرنے سے انکار کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ سوناکشی سے بارہا رابطہ کرنے کے باوجود رقم واپس نہ ملنے کی وجہ سے میں نے مقدمہ درج کرایا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سوناکشی سنہا نے کیس درج ہونے کے بعد مبینہ طور پر اپنا بیان ریکارڈ کروایا ہے، لیکن اس کے بعد سے وہ منظر سے غائب ہیں اور عدالت کے طلب کرنے کے باوجود بھی پیش نہیں ہوئیں، جس کے بعد مقامی عدالت نے اداکارہ کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دئیے ہیں۔