اسٹاک مارکیٹ کسی بھی فرد کو لمحوں میں عرش سے فرش تو لمحوں میں فرش سے عرش پر پہنچانے میں کمال رکھتی ہے اور ایسا ہی کچھ گزشتہ روز نیویارک اسٹاک مارکیٹ میں دیکھنے کو ملا۔
حصص کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ نے ایک ہی دن میں ایمیزون کے مالک جیف بیزوز کی دولت میں 20 ارب ڈالر اضافہ کردیا تو اسی دن فیس بک کے بانی مارک زکربرگ دنیا کے امیر ترین افراد کی فہرست میں ٹاپ ٹین سے نکل کر بارہویں نمبر پر پہنچ گئے۔میٹا کے حصص کی قدر میں ہونے والی گراوٹ نے اپنے بانی کو ایک ہی دن میں 29 ارب ڈالر کی خطیر رقم سے محروم کردیا۔ جب کہ میٹا کی مارکیٹ ویلیو میں 200 ارب ڈالرکی کمی واقع ہوئی۔
میٹا کے بانی مارک زکر برگ کے اثاثے 29 ارب ڈالر کمی کے بعد 85 ارب ڈالر پر پہنچ گئے جس کی وجہ سے وہ دنیا کے ارب پتی افراد کی فہرست میں بھارتی بزنس مین مکیش امبانی اور گوتم ایڈوانی سے بھی نیچے چلے گئے ہیں۔رپورٹ کے مطابق ای کامرس ویب سائٹ ایمیزون کے مالک جیف بیزوز نے حصص کی قدر میں اضافے سے ایک ہی دن میں 20 ارب ڈالر کما لیے۔ جیف بیزوز ایمیزون کے تقریبا 9 اعشاریہ 9 فیصد حصص کی ملکیت رکھتے ہیں۔گزشتہ سال شایع ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق جیف بیزوز کے اثاثوں کی مالیت 57 فیصد اضافے کے ساتھ 177 ارب ڈالر ہوچکی ہے۔
واضح رہے کہ مارک زکر برگ سے قبل ایک ہی دن میں اثاثوں کی مالیت میں سب سے زیادہ کمی کا سامنا گزشتہ ہفتے ایلون مسک نے کیا تھا۔ٹیسلا کے حصص میں ہونے والی کمی نے انہیں ایک دن میں 35 ارب ڈالر کے اثاثوں سے محروم کردیا تھا۔ٹیسلا کےحصص کی قیمتوں میں کمی کی سب سے بڑی وجہ ایلون مسک کا وہ بیان تھا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ’ ٹیسلا 2022 میں کوئی نئی برقی کار مارکیٹ میں نہیں لائے گی۔ جب کہ اس سے قبل افواہیں گردش کر رہی تھیں کہ رواں سال کمپنی کی جانب سے سائبر ٹرک، سیمی ٹرک اور ٹیسلا کے کم قیمت ماڈلز متعارف کرائے جائیں گے۔