منشیات کیس میں گرفتار آریان خان کی ضمانت منظور، کب رہا کیا جائے گا؟

28  اکتوبر‬‮  2021

ممبئی ہائی کورٹ میں 20 اکتوبر کو دائر کی جانے والی درخواست پر آج تیسری سماعت کے بعد عدالت نے آریان خان کی ضمانت کی درخواست منظور کر لی۔

آج کی سماعت میں نارکوٹکس کنٹرول بیورو کے وکلا نے آریان خان کو ضمانت پر رہا کرنے کی شدید مخالفت کی اور موقف اپنایا کہ آریان کو منشیات کا استعمال کرنے کے بعد بےہوشی کی حالت میں گرفتار کیا گیا۔

جس پر آریان خان کے وکلا نے عدالت کو بتایا  کہ آریان کو کروز میں داخل ہونے سے پہلےہی گیٹ پر گرفتار کیا گیا تھا اور ان سے منشیات بھی برآمد نہیں ہوئیں، اور نہ ہی انہوں نے کبھی منشیات استعمال کرنے کا اعتراف کیا ہے۔

این بی سی کے وکلا نے کہا کہ آریان کے موبائل فون کی چیٹنگ سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ منشیات نہ صرف استعمال کرتے ہیں بلکہ اس کے عادی بھی ہیں۔

عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد آریان خان، منمن دھمیچا اور ارباز مرچنٹ کی ضمانتوں کی درخواستیں منظور کر لیں۔ کیس کا تفصیلی فیصلہ کل جاری کیا جائے گا جبکہ ملزمان کی رہائی 29 یا 30 اکتوبر کو متوقع ہے۔

یاد رہے کہ میٹروپولیٹن عدالت نے 7 اکتوبر اور سیشن عدالت نے 20 اکتوبر کو آریان خان کی ضمانت کی درخواست مسترد کی تھی، 21 اکتوبر کو عدالتی ریمانڈ ختم ہونے کے بعد اس میں 9 روز کی توسیع کی گئی تھی اور انہیں 30 اکتوبر تک جیل میں رکھنے کے احکامات جاری کئے گئے تھے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں


About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved