فجر کی اذان مین مسلمانوں کو نماز کے لیے مسجد کی طرف بلاتے ہوئے مؤذن خالق حقیقی سے جا ملا۔
عرب میڈیا کے مطابق مصر کے علاقے منوفیہ میں باجور سینٹر کے علاقے مسجد میں فجر کی اذان دیتے ہوئے جب وہ آخری کلمات ادا کر رہے تھے دل کا دورہ پڑنے سے مؤذن حاجی حسنی کی روح پرواز کر گئی۔ اذان دیتے ہوئے انتقال کرنے والے حاجی حسنی کے بیٹے محمد حسنی کا کہنا ہے کہ ان کے والد رضاکارانہ طور پر گھر کے قریب واقع مسجد میں باقاعدگی سے اذان دیا کرتے تھے، وہ خود بھی نماز کے لیے مسجد جاتے اور ہمیں بھی جانے کا کہتے تھے۔
بیٹے نے مزید بتایا کہ جس روز والد کا انتقال ہوا تو اس روز وہ فجر کی اذان دینے کے لیے گئے تھے، انہوں نے فجر کی اذان دینا شروع کی تو میں اس وقت نماز کے لیے وضو کر ہی رہا تھا لیکن جب اذان کی آواز درمیان میں ہی رک گئی تو میں مسجد کی طرف دوڑا۔
محمد حسنی کا کہنا تھا کہ جب مسجد میں داخل ہوا تو والد زمین پر گرے ہوئے تھے، میں نے فوری طور پر ڈاکٹر کو بلایا جس نے ان کے انتقال کی تصدیق کر دی۔
فجر کی اذان دیتے ہوئے مؤذن کی روح پرواز کر گئی
29
اکتوبر 2021