آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں گروپ اے کے میچ میں دفاعی چیمپئن ویسٹ انڈیز نے بنگلادیش کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 3 رنز سے شکست دے دی۔
شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر باؤلنگ کا فیصلہ کیا ۔ ویسٹ انڈیز کے اوپنرز ٹیم کو اچھا آغاز فراہم نہ کر سکے اور دونوں بلے باز کرس گیل اور ایون لوئس بالترتیب 12 اور 18 کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ گئے۔ پوران اور روسٹن چیز نے جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے 57 رنز کی شراکت قائم کی، پوران نے جارحانہ انداز اپنایا اور 22 گیندوں پر 4 چھکوں کی مدد سے 40 رنز بنائے۔آخری اوور میں بنے 19 رنز کی بدولت ویسٹ انڈیز کی ٹیم مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 142 رنز بنانے میں کامیاب رہی۔
بنگلہ دیش کی جانب سے مہدی حسن، مستفیض الرحمٰن اور شریف الاسلام نے دو ، دو وکٹیں حاصل کیں۔
بنگلہ دیش نے ہدف کا تعاقب شروع کیا ۔ بنگلہ دیش نے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 139 رنز بنائے، کپتان محموداللہ نے 31 رنز کی اننگز کھیلی لیکن ان کی یہ کاوش بھی بنگلہ دیش کو فتح دلانے کے لیے ناکافی ثابت ہوئی۔