نیوزی لینڈ نے پاکستان کے ساتھ کرکٹ سیریز یکطرفہ طور پر ختم کر دی

17  ستمبر‬‮  2021

چیف ایگزیکٹو نیوزی لینڈ کرکٹ ڈیوڈ وائٹ کا کہنا ہے کہ حکومت نے سیکیورٹی الرٹ کے باعث سیریز ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، ہمارے کھلاڑی محفوظ ہیں اور ان کی واپسی کے انتظامات کئے جا رہے ہیں، کھلاڑیوں کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے۔ ہمیں اندازہ ہے کہ پی سی بی کیلئے یہ بہت بڑا دھچکہ ہے لیکن موجودہ حالات میں ہمارے لئے یہی آپشن تھا۔

پی سی بی نے جاری کردہ اعلامیے میں کہا کہ آج نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کی طرف سے انہیں سیکورٹی الرٹ کے حوالے سے آگاہ کرتے ہوئے یکطرفہ طور پر سیریز ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ اور حکومت پاکستان نے مہمان ٹیم کی سیکورٹی کے لیے فول پروف انتظامات کررکھے تھے. ہم نے نیوزی کرکٹ بورڈ کو بھی یہی یقین دہانی کرائی تھی. وزیر اعظم نے ذاتی طور پر نیوزی لینڈ کی وزیراعظم کو رابطہ کرکے انہیں بتایا کہ ہماری سیکورٹی انٹیلیجنس دنیا کی ایک بہترین ایجنسی ہے اور مہمان ٹیم کو کوئی سیکورٹی تھریٹ نہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان نے نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم سے رابطہ کیا اور یقین دلایا کہ پاکستان میں نیوزی لینڈ کی ٹیم کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کی گئی ہے اور پی سی بی کے مطابق خود نیوزی لینڈ کی سیکیورٹی نے پاکستان کے سیکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا، ہماری انٹیلی جنس ایجنسیز دنیا کے بہترین انٹیلی جنس ایجنسیز میں شامل ہیں اور ان کی رائے میں نیوزی لینڈ کی ٹیم کو کسی قسم کے خطرہ نہیں ہے، تاہم نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم نے ازحد احتیاط کی پالیسی کے پیش نظر دورہ ملتوی کرنے کی استدعا کی۔

سینیٹر فیصل جاوید کا کہنا تھا پاکستان میں سیکیورٹی کی صورتحال بہترین اور اطمینان بخش ہے اور نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کو بھی  فول پروف سیکیورٹی فراہم کی گئی تھی جس پر نیوزی لینڈ حکام کی جانب سے بھی اطمینان کا اظہار کیا گیا تھا، لیکن آخری منٹ  میں سیریز ختم کرنا سمجھ سے بالا تر ہے۔

یاد رہے کہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم 18 سال بعد پاکستان کے دورے پر آئی تھی، نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز کے میچز راولپنڈی اسٹیڈیم میں 17، 19 اور 21 ستمبر کو شیڈول تھے، جبکہ اس کے علاوہ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں پاکستان کے خلاف نیوزی لینڈ نے 25 ستمبر سے 3 اکتوبر تک شیڈول پانچ ٹی 20 میچز بھی کھیلنے تھے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں


About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved