افغانستان نے آج ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کو جیت کیلئے 148 رنز کا ہدف دیا تھا، جو پاکستان نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 19 ویں اوور میں ہی پورا کر لیا۔
پاکستانی اوپنرز نے بیٹنگ کا آغاز بڑے محتاط انداز میں کیا لیکن تیسرے اوور میں ہی محمد رضوان باؤنڈری پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ پھر فخر زمان اور کپتان بابر اعظم نے اچھے کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کی نصف سنچری مکمل کی، 63 رنز کی پارٹنز شپ کے بعد 30 کے انفرادی سکور پرفخرزمان کپتان نبی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو گئے۔ اس کے بعدجلد ہی راشد خان کی بال پر محمد حفیظ کیچ آؤٹ ہو گئے۔
اگلے آنے والے بلے باز شعیب ملک تھے جن کے تیز سکور کی وجہ سے رن ریٹ کم ہورہا تھا لیکن دوسری جانب کپتان بابر اعظم ففٹی سکور کرنے کے ساتھ ہی 51 رنز بنا کر کلین بولڈ ہو گئے۔ ابھی رن ریٹ سنبھلا ہی تھا کہ شعیب ملک نوین کی باہر جاتی گیند پر شاٹ لگاتے ہوئے وکٹ کیپر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔
پاکستان کو آخری 2 اوور میں فتح کیلئے 24 رنز درکار تھے اورمیچ افغانستان ٹیم کے پلڑے میں جاتا ہوا محسوس ہو رہا تھا لیکن آصف علی نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے کریم جنت کے اوور میں 4 چھکے لگا کر پاکستان کو فتح سے ہمکنار کیا، یوں پاکستان نے 148 رنز کا ہدف 19ویں اوور کی آخری بال پر ہی حاصل کرلیا۔
افغانستان کی جانب سے راشد خان نے 2 جبکہ مجیب، نوین اور نبی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی، آصف علی 7 گیندوں پر 4 چھکوں کی مدد سے 25 رنز بنانے اور وننگ اننگ کھیلنے کے باعث مین آف دی میچ قرار پائے۔
ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے سپر 12 مرحلے میں پاکستان کی یہ مسلسل تیسری کامیابی ہے۔