کراچی میں آسٹریلیا کے خلاف جاری دوسرے ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن کے اختتام پرپاکستان نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 192 رنز بنا لیے ۔
تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا کی جانب سے 506 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی دوسری اننگز جاری ہے، پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز مایوس کن رہا اور امام الحق ایک رن بنا کر آؤٹ ہوگئے، اس کے بعد اظہر علی بھی وکٹ گنوا بیٹھے،عبداللہ شفیق اور کپتان بابر اعظم نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کی اوراب تک تیسری وکٹ پر 171 رنز کی شراکت قائم کی۔
چوتھے روز کے اختتام پر پاکستان نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 192 رنز بنا لیے ہیں جبکہ کپتان بابر اعظم 102 رنز اور عبد اللہ شفیق 71 رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں،ٹیسٹ کے آخری روز پاکستان کو جیت کیلئے 314 رنز اور آسٹریلیا کو 8 وکٹیں درکار ہیں۔
آسٹریلیا کی جانب سے عثمان خواجہ اور مارنوس لبوشین نے گزشتہ روز کی نامکمل اننگز کا آغاز کیا،میچ کے شروع ہوتے ہی97 کے مجموعی اسکور پر 44 رنز اسکور کرنے والے لبوشین پویلین لوٹ گئے جنہیں شاہین آفریدی نے بولڈ کیا،لبوشین کے آؤٹ ہونے کے بعد مہمان کپتان پیٹ کمنز نے اننگز ڈیکلیئر کرنے کا اعلان کردیا۔
آسٹریلیا کو ٹیسٹ میں مجموعی طور پر 505 رنز کی برتری حاصل ہے اور پاکستان کو ٹیسٹ جیتنے کیلئے 506 رنز کا ہدف ملا۔
پاکستان کی جانب سے دوسری اننگز میں حسن علی اور شاہین آفریدی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
واضح رہے کہ ٹیسٹ میں گزشتہ روز پاکستان کی پوری ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 148 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی جب کہ آسٹریلیا نے اپنی پہلی اننگز 556 رنز 9 وکٹ پر ڈکلیئر کر دی تھی۔