اسرائیل، متحدہ عرب امارات اور بھارتی فضائیہ کی مشترکہ جنگی مشقیں، ہدف کون؟

31  اکتوبر‬‮  2021

اسرائیل رواں ہفتے بھارت اور متحدہ عرب امارات سمیت دیگر ممالک کے ساتھ مل کر ملکی تاریخ کی سب سے بڑی فضائی جنگی مشقیں کرے گا۔

عالمی میڈیا کے مطابق ان مشقوں میں 1500 فوجی اہلکار حصہ لیں گےجبکہ 70 جنگی طیارے  بھی ان فضائی جنگی مشقوں کا حصہ ہوں گےجن میں رافیل، میراج اور ایف 16 طیارے شامل ہیں۔

 اسرائیل بلیو فلیگ نامی جنگی مشقیں 2013ء  سے ہر دو برس بعد نقب کے صحرا میں منعقد کر رہا ہے جبکہ اس سال  ابتدائی طور پر کچھ مشقیں گزشتہ ہفتے سے ہی شروع کر دی گئی تھیں۔

اسرائیلی فضائیہ کے چیف امیر لازار کا کہنا ہے کہ متحدہ عرب امارات کے طیارے تو ان جنگی مشقوں میں حصہ نہیں لے رہے لیکن ان کی فضائیہ کے چیف ابراہیم نصیر محمد العلوی اسرائیل پہنچ گئے ہیں۔ امیرلازار کا کہنا ہے کہ اماراتی ائیر چیف ان مشقوں کا معائنہ کرنے کی غرض شریک ہوں گے اور یہ بھی بہت اہمیت کا حامل ہے۔ اسرائیلی فضائیہ کے چیف کا مزید کہنا تھا کہ اسرائیل مستقبل میں متحدہ عرب امارات کی فضائیہ کی میزبانی کرنے کو تیار ہے۔

عالمی دفاعی تجزیہ کاروں کے مطابق  اسرائیل اور متحدہ عرب امارات کی ایران کے ساتھ چپقلش کے باعث دونوں ممالک ایک دوسرے کے قریب ہو رہے ہیں۔اسرائیل کےفوجی حکام کا کہنا ہے کہ ایران اس وقت بھی اسرائیل کیلئے سب سے بڑا خطرہ ہے اور ان کی فوجی منصوبہ بندی میں بڑی حد تک توجہ کا مرکز بھی ایران ہی ہے ۔

اسرائیلی فضائیہ کے چیف امیر لازار کا کہنا تھا کہ ان جنگی مشقوں کے دوران مختلف ممالک کی جانب سے بھیجے گئے کئی طرح کے طیاروں کو مسلح ڈرون اور دیگر خطروں کے خلاف مل کر لڑنے کی مشقیں کرائی جائیں گی۔اسرائیل ایران کے جوہری پروگرام کے ساتھ ایران کے ڈرون طیاروں کو بھی  اپنے لئےخطرہ سمجھتا ہے،اسرائیل نے الزام لگایا ہے کہ ایران نے یہ ڈرون طیارے یمن، شام اور لبنان میں اپنے ملیشیاء گروپوں کو بھی فراہم کئے ہیں۔ امیرلازار نے کہا کہ اسرائیل نے بھی ڈرون طیاروں کی ایک الگ سے فوج تیار کی ہے، ان کا کہنا تھا کہ جو ممالک ان مشقوں میں حصہ لے رہے ہیں ان کے ساتھ ان ڈرون طیاروں کی خصوصیات شیئر کی جائیں گی اور یہ ممالک ایرانی خطرے سے نمٹنے کیلئے مستقبل میں اسرائیل کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved