بھارتی ریاست اتر پردیش کے ہندو انتہا پسند وزیراعلیٰ یوگی ادتیا ناتھ نے طالبان کو افغانستان پر ائیر اسٹرائیک کی دھمکی دی ہے۔
بھارتی خبر رساں ادارے کے مطابق ہندو انتہا پسند وزیراعلیٰ یوگی ادتیا ناتھ نے لکھنو میں ایک پروگرام کے دوران خطاب کرتے ہوئے افغان طالبان کی حکومت کو دھمکی دی ہے، یوگی ادتیا کا کہنا تھا کہ طالبان کی وجہ سے پاکستان اور افغانستان دونوں متاثر ہیں لیکن اگر طالبان نے بھارت کی جانب پیش قدمی کی تو ائیر اسٹرائیک تیار ہے ،مودی کے ہوتے ہوئے بھارت طاقتور ملک بن چکا کوئی ہماری طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا۔
بھارتی ریاست اتر پردیش کے ہندو انتہا پسند وزیراعلیٰ یوگی ادتیا ناتھ ہمیشہ سے پاکستان اور بھارتی مسلمانوں کے خلاف بیان دیتے چلے آ رہے ہیں، بھارت کی ہندوتوا سرکار مسلمانوں کے خلاف اپنی دلی نفرت کو واضح کرنے کا کوئی موقع نہیں جانے دیتی . بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنما اور اترپردیش کے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے ایک بار کہا تھا کہ آزادی کے وقت پاکستان جانے کے بجائے ہندوستان میں رہنے کو ترجیح دینے والوں نے بھارت پر کوئی احسان نہیں کیا ہے۔یہ ہر محب الوطن شہری کی ذمہ داری تھی۔
خیال رہے کہ رواں برس اگست میں افغانستان میں طالبان کی حکومت کے قیام کے بعد بھارت نے افغانستان میں اپنا سفارتی مشن بند کر دیا تھا اور تمام عملے کو واپس بلا لیا تھا۔یاد رہے چند دن قبل بھارت کے وزیرِ داخلہ امت شاہ نے پاکستان کا نام لیے بغیر ایک مرتبہ پھر خبردار کرتے ہوئے کہاتھا کہ اگر سرحد پار سے کسی بھی قسم کی دراندازی کی کوشش کی گئی تو بھارت سرجیکل اسٹرائک کرے گا’۔ ماضی میں صرف باتیں ہوتی تھیں لیکن اب جوابی کارروائی کا وقت ہے۔