بڑھتی عمر کےساتھ جواں رہنا ہے تو اس غذا کا استعمال بڑھادیں

19  مارچ‬‮  2022

ہر انسان کی یہی خواہش ہوتی ہے کہ وہ صحت کے ساتھ بھر پور زندگی گزارے مگر بڑھتی عمر کے ساتھ جسم میں کئی بدیلیاں واقع ہوتی ہیں جس سے مجموعی صحت متاثرہونے لگتی ہے، اور یوں بڑھتی عمر کے اثرات ظاہر ہونا شروع ہوجاتے ہیں جنہیں روکنا ایک مشکل عمل ضرورہے لیکن ناممکن نہیں۔

اگر صحت بخش غذاؤں کا استعمال جاری رکھا جائے بڑھتی عمر میں بھی جواں اور صحت مند رہا جاسکتا ہے، صحت بخش غذاؤں کی ایک طویل فہرست ہے ان میں کچھ غذاؤں کو ماہرین کی جانب سے سپرفوڈ کا درجہ دیا گیا ہے، ان ہی میں اخروٹ بھی شامل ہے۔ماہرین کے مطابق اخروٹ بڑھتی عمر سے جسم میں ہونے والی تبدیلیوں اور ان کے اثرات کی روک تھام کے لئے ایک بہترین غذا ہے۔

اخروٹ اومیگا تھری فیٹی ایسڈ، پروٹین، پولی فینولز اور وٹامن ای حاصل کرنے کا ایک مؤثر ذریعہ ہے۔اخروٹ بڑھتی عمر سے جسم پرمرتب ہونے والے اثرات کوسست کرنے میں کس طرح معاون ثابت ہوتا ہے یہاں بیان کیا جارہا ہے۔

اومیگاتھری فیٹی ایسڈ

اومیگا تھری فیٹی ایسڈ کے بارے میں ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ ایک ورم کش خصوصیات کا حامل ایک ایسا جز ہے جو چہرے کے ورم کو ختم کرنے میں مدد فراہم کرتاہے، ساتھ ہی جلد کی جھلی کو مضبوط بناتے ہیں اور اس کی چمک کو بحال کرتے ہیں۔کلیولینڈ کلینک کے مطابق اومیگا تھری فیٹی ایسڈ عارضہ قلب اوردل کی شریانوں سے جڑے امراض، خون میں چربی کی مقدار اور شریانوں کی اکڑن کے خطرے کو بھی کم کرنے میں مدد دیتے ہیں جوعمر بڑھنے کے ساتھ سامنے آتی ہیں۔

پروٹٰین

اخروٹ میں پروٹین کی کثیر مقدار پائی جاتی ہے، اور پروٹین سے بھر پور غذا جلد میں کولیجن بننے کے عمل کو تیز کرتی ہے۔پروٹین عمر بڑھنے کے ساتھ پٹھوں کے حجم میں آنے والی کمی کو بھی دور کرتی ہے۔

اینٹی آکسیڈینٹس

اخروٹ میں ایک نہایت طاقتور مرکب فینولز پایا جاتا ہے۔ماہرین کے مطابق یہ مرکب اینٹی آکسیڈینٹ اور ورم کش سرگرمی کو متحرک کر دیتا ہے جس سے مدافعتی نظام مضبوط ہوتا ہے اور اس طرح جسم بیماریوں محفوظ رہتا ہے۔ایک تحقیق سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ پولی فینول کینسر، ذیابیطس، دل کی شریانوں سے جڑے امراض اور ہڈیوں کی کمزوری سے بچاؤ میں مدد دے سکتے ہیں۔

وٹامن ای

اخروٹ وٹامن ای حاصل کرنے کا ایک بہترین ذریعہ ہے۔

ایک تحقیق سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ وٹامن ای جلد کی نمی کو برقرار رکھنے اورجلد کے ٹشوز کی مرمت میں مدد دیتا ہے، یہ دونوں ہی بڑھتی عمر کے باوجود جلد کو جوان رکھنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

وٹامن ای صرف جلد کے لئے ہی نہیں بلکہ دماغی صحت کے لئے بھی بہت مفید ہوتا ہے اور دماغی تنزلی کی شرح کو سست کر دیتا ہے کیو نکہ یہ جسم میں ایک اینٹی آکسیڈینٹ کے طور پر کام کرتا ہے، اور دماغی خلیات کو تکسیدی تناؤ سے بھی تحفظ دیتا ہے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved