پاکستان کرکٹ ٹیم کی جیت کی خوشی میں کشمیری طلبا پر بھارتی بے بنیاد مقدمات کیخلاف مظفرآباد میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔
انسانی حقوق کی تنظیم انٹرنیشنل فورم فار جسٹس کی کال پر آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں طلباء و طالبات کی بڑی احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ مظاہرین نے بھارت کے خلاف اور آزادی کے حق میں نعرے لگائے۔
احتجاجی مظاہرین کا کہنا تھا کہ بھارت انتہا پسند ملک ہے اورکشمیری طلبا پر کرکٹ کا جشن منانے پر مقدمات درج کرنا بھارت کی بوکھلاہٹ کا نتیجہ ہے۔پاکستانی کرکٹ ٹیم کی فتح کی خوشی منانے کے الزام میں کشمیر میں طلبہ کے خلاف انسداد دہشت گردی قانون کے تحت مقدمات درج کیے گئے ہیں جبکہ آگرہ میں تین کشمیری طلبہ کے خلاف بغاوت کا مقدمہ درج کر کے انہیں گرفتار کر لیا گيا ہے۔