لاہور ٹیسٹ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو شکست دے کر سیریز اپنے نام کرلی۔
تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا نے کھیل کے چوتھےروز اپنی دوسری اننگز 227 رنز 3 کھلاڑی آؤٹ پر ڈیکلیئر کردی تھی جس کے بعد پاکستان کو جیت کیلئے 351 رنز کا ہدف ملا تھا لیکن قومی ٹیم کھیل کے آخری روز 235 پر ہی ڈھیر ہوگئی۔
کھیل کے آخری روز پاکستان نے بغیر کسی نقصان کے 73 رنز سے اپنی اننگز کا آغاز کیا لیکن پہلے سیشن میں ہی عبد اللہ شفیق 27 رنز پر پویلین لوٹ گئے جس کے بعد آنے والے اظہر علی بھی زیادہ دیر پچ پر نہ ٹھہر سکے۔
اظہر علی کو لیون نے 105 کے مجموعے پر صرف 17 رنز پر ہی پویلین روانہ کردیا بعد ازاں امام الحق 70 اور فواد عالم 11 رنز بناکر جب کہ محمد رضوان 0 پر آؤٹ ہوگئے۔
ساجد خان اور بابر اعظم نے رنز کے مجموعے کو آگے بڑھایا لیکن یہ پارٹنر شپ بھی کچھ دیر ہی چل سکی اور بابر اعظم 55 رنز جب کہ ساجد 21 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے ۔
ساجد خان کے بعد آنے والے حسن علی 13 اور شاہین آفریدی ایک رن پر آؤٹ ہوگئے۔
آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز نے نسیم شاہ کی وکٹ اڑا کر ٹیم کو فتح دلوائی اور اس طرح آسٹریلیا نے میچ 115 رنز سے جیت لیا۔
واضح رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان کراچی اور راولپنڈی ٹیسٹ ڈرا ہوگیا تھا۔