نومبر 1947ء میں پاکستان ہجرت کرنے والے لاکھوں کشمیری مسلمانوں کو شہید کر دیا گیا تھا۔
سرینگر – (اے پی پی):کنٹرول لائن کے دونوں جانب اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری ہفتہ کویوم شہدائے جموں اس عزم کی تجدید کے ساتھ منارہے ہیں کہ وہ اپنا ناقابل تنسیخ حق، حق خود اراداریت تسلیم کئے جانے تک شہداءکا مشن جاری رکھیں گے۔ڈوگرہ مہاراجہ ہری سنگھ کی فورسز ، بھارتی فوجیوں اور ہند و انتہا پسندوں نے جموں کے مختلف علاقوں میں نومبر 1947ء کے پہلے ہفتے میں پاکستان ہجرت کرنے والے لاکھوں کشمیری مسلمانوں کو شہید کردیاتھا۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق حریت رہنماؤں اور تنظیموں نے اپنے بیانات میں شہدائے جموں کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداءکا خون ہرگز رائیگاں نہیں جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ شہداءنے اپنی جانیں ایک عظیم مقصد کیلئے قربان کیں اور انکی بیش بہاقربانیاں ہرگز فراموش نہیں کی جاسکتیں۔
حریت رہنماؤں نے کہا کہ 1947ء میں جموں کشمیر میں مسلمانوں کی دل دہلا دینے والی نسل کشی دنیا کا سب سے بڑا سانحہ تھاجس میں لاکھوں مسلمانوں کو بے دردی سے شہید کیا گیا تھا۔ حریت رہنماؤں اور تنظیموں نے کہا کہ شہداءکو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ان کے مشن کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے۔