امریکی ریاست ٹیکساس میں میوزیکل کنسرٹ کے دوران بھگدر مچنے سے کم سے کم 8 افراد ہلاک اور 300 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں، زخمیوں میں 10 سال سے کم عمر کے بچے بھی شامل ہیں۔
مقامی حکومت کے مطابق واقعہ اس وقت رونما ہوا جب این آر جی پارک میں آسٹرو ورلڈ فیسٹیول کے دوران کچھ نامعلوم افراد نے اسٹیج کی جانب بڑھنے کی کوشش کی، جس کے نتیجے میں بھگڈر مچی اور متعدد افراد پیروں تلے کچل کر ہلاک یا شدید زخمی ہو گئے۔
ہیوسٹن کے فائر چیف افسر نے سیموئیل پینا کا کہنا ہے کہ بھگدر مچنے کا واقعہ اس وقت پیش آیا جب ریپر ٹریوس اسکاٹ سٹیج پر پرفارم کر رہے تھے، انہوں نے 8 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ان کی اموات کی وجہ پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد ہی بتائی جا سکتی ہے، تاہم ان کا کہنا تھا کہ ہسپتال داخل کرائے گئے زخمیوں میں سے 11 افراد کو دل کا دورہ پڑا تھا اور ان کا علاج ابھی جاری ہے۔
حادثے میں ہلاکتوں اور کئی لوگوں کے زخمی ہونے کے فوراً بعد شو کو ختم کر دیا گیا ہےاور دوسرے دن کا پروگرام بھی منسوخ کر دیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ ٹیکساس کے اس مشہور 2 روزہ کنسرٹ کی افتتاحی تقریب میں 50 ہزار سے زائد افراد موجود تھے، ایونٹ کے ٹکٹ اس سال مئی میں فروخت کیلئے پیش کئے جانے کے ایک گھنٹے بعد ہی فروخت ہو گئے تھے، جب کہ گزشتہ سال کورونا کی وجہ سے یہ سالانہ تقریب منسوخ کر دی گئی تھی۔