ایرانی میڈیا رپورٹس کے مطابق آج ہفتے کی صبح تہران کے میٹرو ٹرین نیٹ ورک میں فنی خرابی کی وجہ سےخلل پیدا ہوگیا جس کے نتیجے میں بعض ٹرینیں رک گئیں اور میٹرو اسٹیشنوں پر مسافروں کا شدید رش لگ گیا۔
آئی ٹی ماہرین نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ تہران کا میٹرو ٹرین سسٹم ہیک کیا گیا ہے جس کی وجہ سے ٹرین سروس معطل ہوئی ہے، جبکہ تہران میٹرو نیٹ ورک کے ڈائریکٹر جنرل علی عبداللہ پور نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ یہ مسئلہ تہران میٹرو کے کمپیوٹر کے نظام میں فنی خلل کے سبب پیدا ہوا ہے جس پر جلد قابو بھی پا لیا گیا ہے۔
ایرانی حکام کے دعوے کے برعکس عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران کے کئی میٹرو سٹیشنز ابھی تک معمول کے مطابق بحال نہیں ہو سکے ہیں۔
یاد رہے کہ کچھ روز قبل ایران کے فیول سٹیشنز پر سائبر حملہ ہوا تھا جس کے بعد ملک بھر کے فیول سٹیشنز سے ایندھن کی فراہمی معطل ہو گئی تھی، ایرانی حکام نے ان سائبر حملوں کی ذمہ داری امریکہ اور اسرائیل پر عائد کی تھی۔ اس کے بعد ایرانی ہیکرز نے اسرائیلی افواج سمیت دیگر حساس ویب سائٹس پر سائبر حملے کئے تھے جس کی وجہ سے اسرائیل کو کافی نقصان ہوا تھا۔