روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ میں اب تک بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے 2 ارب 72 کروڑ ڈالر سے زائد کی رقوم بھیجی ہیں، کورونا کی وجہ سے معیشتوں کی سست روی کے باوجود ریکارڈ رقم کی ترسیل کو حکومت کی ایک بڑی کامیابی کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
اسٹیٹ بینک پاکستان کے اعداد و شمارکے مطابق ستمبر 2020ء سے شروع ہونے والی سرمایہ کاری 2 ارب 72کروڑ ڈالر تک پہنچ چکی ہے جس میں ماہانہ اوسطاً 19 کروڑ 10 لاکھ ڈالر کی آمد ہوئی ہے۔
روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس کے تحت، ایکوایٹی مارکیٹ کیلئے سرمایہ کاری صرف 2 کروڑ 70 لاکھ ڈالر یا مجموعی حجم کا ایک فیصد تھی جو ایکوایٹی مارکیٹ پر انتہائی کم بھروسے کی عکاسی کرتی ہے۔
یاد رہے کہ روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس کے آغاز کے بعد سےحکومت نے سمندر پار پاکستانیوں کی آسانی اور اسے عام فہم بنانے کیلئے اس میں کافی ترامیم کی ہے جسے عوامی سطح پر بہت سراہا جا رہا ہے۔حکومت نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کیلئے ان اکاؤنٹس کو کھولنے اور چلانے کیلئے ٹیکس کے نظام کو سادہ، آسان اورعام فہم بنا دیا ہے۔