رمضان میں ہمیں سحری کے لیے ایسی غذاؤں کا انتخاب کرنا چاہیئے جن میں پروٹین، مفید کولیسٹرول اور کاربوہائیڈریٹس موجود ہو اور چکنائی بالکل نہ ہو۔
سحری کھانا سنت رسول صلی اللہ علیہ وسلم ہے اور باعث برکت بھی مانی جاتی ہے جو صحت کو بھی فائدہ پہنچاتی ہے لیکن سحری میں بہت زیادہ کھانے سے گریز کرنا چاہئیے ورنہ معدے کے مختلف مسائل کا خطرہ بڑھ جاتا ہے
سحری میں گندم یا جئی کی روٹی ایک سے دو عدد، دودھ ایک کپ اور کسی بھی قسم کا سالن یا آملیٹ جو اولیو آئل میں بنا ہو کھائیں۔دودھ اپنی غذائی افادیت کے لحاظ سے گوشت کے برابر ہے اور ہر عمر کے لوگوں کے لئے یکساں مفید بھی ہے۔اس کے علاوہ انڈا اور گندم کی روٹی دن بھر کے لئے پروٹین اور کاربوئیڈریٹس فراہم کرنے کا بہترین ذریعہ ہے۔
سحری میں پھلوں کا استعمال بھی ضرور کریں،فائبر سے بھرپور پھل اور اجناس جیسے کیلے، سیب اور جو وغیرہ بھی دیر تک پیٹ کو بھرے رکھتے ہیں اور قبض سے بچانے میں بھی مدد دیتے ہیں، تاہم ان کی زیادہ مقدار کھانے سے گریز کرنا چاہئیے ورنہ پیاس زیادہ لگتی ہے۔
اس کے علاوہ زیادہ پانی والی غذائیں اور مشروبات وغیرہ بھی سحری کا حصہ بنائے جاسکتے ہیں جبکہ چائے پینے سے گریز کرنا چاہئیے۔صحت مند غذاؤں کا انتخاب کرنے سے انسان کا میٹابولزم بہتر ہوتا ہے اور جسمانی وزن میں کمی سمیت کولیسٹرول کی سطح میں بھی کمی لائی جاسکتی ہے۔