ایران کا حملہ ناکام بنا دیا، اسرائیل کا دعویٰ

8  ‬‮نومبر‬‮  2021

اسرائیل کے دفاعی حکام کا کہنا ہے کہ موساد نے افریقی ممالک میں ایران کے اسرائیلی شہریوں پر حملے ناکام بنا دئیے ہیں۔

اسرائیلی جریدے ٹائمز آف اسرائیل کی رپورٹ کے مطابق ایران کی خفیہ ایجنسی اور ایرانی ملیشیاء کی جانب سے سینیگال، گھانا، تنزانیہ سمیت دیگر افریقی ممالک میں اسرائیل کے سیاحوں اور بڑی کاروباری شخصیات کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی تھی، جس پر موساد نے انٹیلی جنس بیس آپریشن کرتے ہوئے ایران کے حملوں کو ناکام بنا دیا۔ اسرائیلی حکام کا مزید کہنا تھا کہ اسرائیلی شہریوں کے علاوہ ایران نے اسرائیلی مفادات اور تنصیبات پر بھی حملے کئے جو ناکام بنا دئیے گئے۔

یاد رہے کہ 4 اکتوبر 2021ء کو بھی  اسرائیلی وزیر دفاع بینی گینٹز نے کہا تھا کہ اسرائیل نے قبرص میں اسرائیلی اہداف پر ایرانی حملوں کو بری طرح ناکام بنا دیا ہے، ان کا کہنا تھا کہ دشمن ملک ایران نے قبرص میں ہماری کاروباری شخصیات اور دیگر مفادات کو نشانہ بنانے کی کوشش کی تھی جسے ناکام بنا دیا گیا، ان کا مزید کہنا تھا کہ ایران اسرائیل کی سلامتی کیلئے مستقل خطرہ ہے، ایران کی جانب سے اپنے شہریوں کو نشانہ بنانے کے اقدامات پر کارروائیاں جاری رکھیں گے۔

اسرائیل کے وزیر اعظم نفتالی بینیٹ کے دفتر نے بھی تصدیق کی تھی کہ قبرص میں ایران نے اسرائیل کے ارب پتی ٹیڈی ساگی سمیت دیگر کاروباری شخصیات کو قتل کرنے کی کوشش کی تھی جسے اسرائیلی انٹیلی جنس نے ناکام بنا دیا تھا۔

دوسری جانب ایران نے اسرائیلی الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اسرائیل طے شدہ پراپیگنڈے پر کام کر رہا ہے، ایران نے کسی بھی اسرائیلی سیاح یا کاروباری شخصیت کو نشانہ بنانے کی کوشش نہیں کی، قبرص میں ایرانی سفارت خان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل کے الزامات بے بنیاد ہیں جس کی سختی سے تردید کی جاتی ہے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved