چینی افواج کی بھارت کے ساتھ سرحدی علاقوں میں جنگی مشقیں

8  ‬‮نومبر‬‮  2021

چین کی پیپلز لبریشن آرمی کے ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ چینی افواج نے گذشتہ ہفتے بھارت کے ساتھ سرحدی علاقوں میں بڑے پیمانے پر جنگی مشقیں کی ہیں، کسی بھی جنگی صورتحال کا مقابلہ کرنے کیلئے بالکل تیار ہیں۔

چینی افواج کا ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ بھارتی فوج کی امریکی اسلحے کے ساتھ سرحدوں پر نقل و حرکت پر نظر رکھے ہوئے ہیں، چینی افواج ملکی سالمیت کا دفاع کرنے کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں۔

چینی جریدے گلوبل ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق چینی افواج کی دن اور رات کے مختلف اوقات میں جاری رہنے والی جنگی مشقوں میں سطح سمندر سے بلند ترین علاقوں پر فوجی کاروائیوں مختلف اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا گیا، مشقوں میں بڑے اسلحے کے استعمال کی بھی بھرپور تیاری کی گئی۔

چینی فضائیہ نے بھی ان مشقوں میں بھرپور حصہ لیتے ہوئے جنگی بنیادوں پر ایئر ڈیفنس سسٹم کے استعمال سمیت دیگر  استعدادکار کی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا۔ چینی فضائیہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ مشقوں میں اہداف کا کامیابی سے حصول یہ واضح کرتا ہے کہ چینی فضائیہ دشمن کا مقابلہ کرنے کیلئے ہر وقت سٹینڈ بائی کی پوزیشن پر ہے۔

میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ چین نے ان جنگی مشقوں کے بعد ٹینک، میزائل اور جنگ کا دیگر سازوسامان سرحد پر پہنچاناشروع کردیا ہے اور چینی افواج کے ترجمان نے کہا ہے سرحد پر موسم سرما کے تمام مراحل کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔

یاد رہے کہ بھارتی میڈیا رپورٹس میں گذشتہ ہفتے کہا گیا تھا کہ چین اور بھارتی فوجوں کے کورکمانڈر کی حالیہ میٹنگ بلا نتیجہ ختم ہونے کے بعد بھارتی فوج نے چین کے ساتھ سرحد پر امریکی اور اسرائیلی میزائل نصب کر دئیے ہیں، اور کشیدگی کےپیش نظر چین کے ساتھ طویل سرحد پر مزید فوجی بھی تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اس کے ردعمل میں چین کی پیپلزلبریشن آرمی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ بھارت کے امریکی شہہ پر اٹھائے گئے اقدامات سے واقف ہیں، اور سرحد ی صورتحال پر بھی نظر رکھے ہوئے ہیں، انہی حالات کے پیش نظر یہ جنگی مشقیں کی گئی ہیں، کسی بھی ہرزہ سرائی کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved