پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجہ نے عہدے سے استعفیٰ نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم عمران خان نے احسان مانی کے بعد رمیز راجہ کو پی سی بی کا چیئرمین مقرر کیا تھا تاہم امکان ظاہر کیا جا رہا تھا کہ عمران خان کے جانے کے بعد رمیز راجہ بھی اپنے عہدے سے مستعفی ہو جائیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ رمیز راجہ نے مستعفی نہ ہونے اور نئی حکومت کی جانب سے کوئی پیغام ملنے تک بطور چیئرمین پی سی بی کام جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے لیکن اگر انہیں عہدے سے فارغ کیا گیا تو ان کی جگہ نجم سیٹھی کو لانے پر غور کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں یہ خبر زیر گردش تھی کہ ملک میں تبدیلی آنے کے ساتھ ہی پاکستان کرکٹ بورڈ میں تبدیلیاں آئیں اور پی سی بی میں بھی تبدیلیوں کا امکان پیدا ہوگیا تھا اور کہا جا رہا تھا کہ رمیز راجہ نے استعفیٰ دینے کیلئے قریبی دوستوں سے مشاورت بھی مکمل کر لی تھی۔