ٹی20 ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں پاکستان کی جانب سے دیے گئے 177 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کی بیٹنگ جاری ہے۔
آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے دوسرے سیمی فائنل میں پاکستان نے آسٹریلیا کو جیت کے لیے 177 رنز کا ہدف دیا ہے۔
دبئی میں کھیلے جارہے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے دوسرے سیمی فائنل میں آسٹریلیا کے کپتان ایرون فنچ نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی۔
قومی ٹیم کی جانب سے کپتان بابراعظم اور محمد رضوان نے اننگز کا آغاز مستحکم انداز میں کیا اور پاور پلے کے 6 اوورز میں وکٹ گنوائے بغیر 47 رنز بنائے اور ٹیم کو 71 رنز کا آغاز فراہم کیا۔
بابراعظم 39 رنز بنانے کےبعد آؤٹ ہوئے تاہم محمد رضوان نے ایونٹ میں اپنی تیسری نصف سنچری مکمل کی وہ 67 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جب کہ فخرزمان نے 32 گیندوں پر 55 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جس میں 4 چھکے اور 3 چوکے شامل تھے۔
آسٹریلیا کی جانب سے مچل اسٹارک نے 2 ، ایڈم زمپا اور پیٹ کمنز نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
واضح رہے کہ پاکستان متحدہ عرب امارات میں گزشتہ 16 ٹی ٹوئنٹی میچز میں ناقابل شکست ہے البتہ آسٹریلیا آئی سی سی ایونٹ میں پاکستان کے خلاف تمام 4 ناک آؤٹ میچز جیتا ہے۔