فواد چوہدری نے ڈاکٹر نعمان اور شعیب اختر میں صلح کرا دی

13  ‬‮نومبر‬‮  2021

فواد چوہدری نے  ڈاکٹر نعمان نیاز اور قومی ٹیم کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر کے درمیان صلح کرا دی دونوں گلے مل گئے۔

دونوں شخصیات کی صلح وفاقی وزیر  اطلاعات فواد چوہدری کے گھر پر ہوئی، سوشل میڈیا پرویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ نعمان نیاز شعیب اختر کے ہمراہ کھڑے ہیں اور ان کے سامنے ان سے اپنے کیے گئے عمل کی معافی مانگ رہے ہیں۔ڈاکٹر نعمان نیاز نے کہا کہ شیبی جو کچھ بھی ہوا میں اس پر تہ دِل سے معافی مانگتا ہوں، مجھے بہت افسوس ہے جو اسکرین پر ہوا وہ نہیں ہونا چاہیے تھا، ہماری 30 سال کی دوستی ہے جو ختم نہیں ہونی چاہیے۔دونوں شخصیات کی صلح کے موقع پر وزیراطلاعات فوادچوہدری اور  سینئر اینکر سلیم صافی بھی موجود تھے۔اس سے قبل بھی نعمان نیاز نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ پروگرام میں آن ائیر جو مجھ سے ہوا اس پر جتنا ردعمل آیا وہ بالکل جائز تھا، وجہ جو بھی تھی آن ائیر یہ سب کرنے کا مجھے حق نہیں تھا، میری غلطی تھی۔

دوسری جانب شعیب اختر نے ایک ٹوئٹس کیا جس میں لکھا کہ نیشنل ٹیلی ویژن پر یہ ایک ناخوشگوار واقعہ تھا اور اس نے میرے جذبات کو ٹھیس پہنچائی تھی اس لیے مجھے کچھ وقت لگا۔ ایک اعلیٰ اخلاقی بنیاد رکھتے ہوئے میں معافی قبول کر رہا ہوں۔ آئیے اس سے آگے بڑھیں۔

واضح رہے کہ چند روز قبل سرکاری ٹی وی پر شعیب اختر اور ڈاکٹر نعمان نیاز کے درمیان غیر ملکی کرکٹرز کی موجودگی میں تلخ کلامی ہوئی تھی، ڈاکٹر نعمان نیاز نے کرکٹر کو آن ائیر پروگرام سے جانے کا کہا جس پر شعیب اختر نے پروگرام سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved