وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ خطے کے دیگر ممالک کی نسبت پاکستان میں تیل اور گیس کی قیمتیں کم ہیں۔ڈالرریٹ میں اضافہ مہنگائی کی وجہ ہے لیکن اس کے ساتھ لوگوں کی آمدن میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ کسانوں اور مزدوروں کی آمدن میں بھی غیرمعمولی اضافہ ہوا ہے۔
آئندہ انتخابات نئی مردم شماری کے مطابق ہوں گے۔
وفاقی وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ ٹیکنالوجی کے استعمال سے ساتویں مردم شماری کم وقت یعنی 18 ماہ میں مکمل کر لیں گے اور آئندہ انتخابات نئی مردم شماری اور اس کے تحت نئی حلقہ بندیوں کے مطابق ہوں گے۔
اپوزیشن انتخابی اصلاحات پر سیاست کر رہی ہے
انتخابی اصلاحات اور الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے استعمال پر ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کو حکومت کی مجوزہ انتخابی اصلاحات پر تنقید کے ساتھ تجاویز بھی دینی چاہئیں۔اپوزیشن خود کہتی ہے کہ ادارے ہمارے ساتھ ہیں تو اس صورتحال میں دھاندلی کو روکنا ہمارے لئے مشکل نہیں، اس کے باوجود ہماری انتخابی اصلاحات کی تجویز کا اپوزیشن کو خیرمقدم کرنا چاہیے۔ لیکن اپوزیشن صرف لوٹا ہوا پیسہ بچانے کیلئے انتخابی اصلاحات پر تنقید کر رہی ہے۔
اگر ہم Absolutely Not کہیں گے تو اس کی قیمت بھی چکانا پڑتی ہے
نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کرکٹ ٹیم کےدورہ پاکستان کو ملتوی کرنے کی کڑیاں ہائبرڈ وارسے ملتی ہیں، ہمیں Absolutely Not کی قیمت چکانا پڑ رہی ہے ، ہم ایک مضبوط قوم ہیں، اپنی پہچان کیلئے کوئی بھی قیمت چکا سکتے ہیں۔
کورونا میں کمی کے بعد چاہتے ہیں کہ سینما گھروں کو کھولا جائے
میڈیا بریفنگ میں چوہدری فواد حسین کا کہنا تھا کہ ایران، ترکی اور کینیڈا کی فلموں کو پاکستان کے سینما گھروں میں چلانے کی اجازت دے رہے ہیں۔ این سی او سی کی مشاورت سے سینما گھروں کو کھولیں گے اور اس انڈسٹری کی ترقی کیلئےانہیں بجلی اور ٹیکسز میں رعائیت دی جائے گی۔
مزید ان کا کہنا تھا کہ
- وفاقی کابینہ نے 22ویں گریڈ کے ملازمین کے ہاؤس رینٹ میں 44 فیصد اضافے کی منظوری دی ہے۔
- کابینہ کی ہدایات کے مطابق ازبکستان کوبزنس ویزا لسٹ میں شامل کیا جا رہا ہے۔
- گوادر، کراچی اور مزار شریف سے ازبکستان جانے والی ٹرین سروس کے بارے میں ازبکستان سے بات چیت کی جا رہی ہے۔
- حکومت کو سوشل میڈیا سے قابل اعتراض مواد ہٹانے کے اختیارات حاصل ہیں جس کیلئے 2 پہلو ؤں پر کام کر رہے ہیں، ایک ان افراد کو گرفت میں لائیں گے جو بچوں کی فحش ویڈیوز بناکے اپلوڈ کر رہے ہیں، اس کیلئے پی ٹی اے کو ذمہ داریاں سونپ دی گئی ہیں جبکہ دوسرے وہ افراد جو خود قابل اعتراض ویڈیوز بنا کر اپلوڈ کر رہے ہیں،وزیر انسانی حقوق اس پر کام کررہی ہیں۔