پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس رسدگار نے شمالی بحیرہ عرب میں کامیاب ریسکیو آپریشن کرتے ہوئے سفینہ پائی خیل نامی ماہی گیر کشتی پر سوار 16 ماہی گیروں کو ڈوبنے سے بچا لیا ہے۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق ماہی گیروں کی کشتی کے ایندھن ٹینکوں میں آتشزدگی کے باعث کشتی شدید آگ کی لپیٹ میں تھی، شمالی بحیرہ عرب میں میری ٹائم سیکیورٹی گشت کے دوران پی این ایس رسدگار نے کراچی کے ساحل سے دور ماہی گیر کشتی میں آگ کا مشاہدہ کیا اور پاکستان بحریہ اورپاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کے جہازوں نے فوری کاروائی کرتے ہوئے مصیبت زدہ کشتی میں موجود عملے کے تمام ارکان کو بچالیا۔
پاک بحریہ کی فائر فائٹنگ ٹیموں نے کشتی میں لگی آگ پر قابو پالیا۔ عملے کے تمام ارکان کو بحفاظت نکال کر ضروری طبی امداد فراہم کی گئی۔
پاک بحریہ سمندر میں عسکری اور غیر عسکری آپریشنز کرنے کیلئے ہمہ وقت تیار رہتی ہے۔ سمندری سرحدوں کی حفاظت کے ساتھ ساتھ پاک بحریہ سمندری مسافروں کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے ہمیشہ پیش پیش ہے۔