نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کا دورہ پاکستان منسوخ کرانے کیلئے ممکن ہے کسی پڑوسی ملک نے کوئی ناٹک کیا ہو، وزیر خارجہ

22  ستمبر‬‮  2021

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے نیویارک میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم کو پاکستان میں کسی قسم کا کوئی سیکیورٹی تھریٹ نہیں تھا، سیکیورٹی ایجنسیز نے بھی اس کی تصدیق کی، ہم نے نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کو ہیلی کاپٹر اور فول پروف سیکیورٹی سمیت تمام سہولیات کی پیشکش کی، لیکن انہوں نے انکار کر دیا، یہ بھی ہو سکتا ہے کہ کسی پڑوسی ملک نے نقصان پہنچانے کیلئے کوئی ناٹک کیا ہو، وقت کے ساتھ سب کچھ  سامنے آ جائے گا۔

تقریب کا اہتمام نیویارک کی قونصلیٹ جنرل کی جانب سے کیا گیا جس میں چیئرمین کشمیر کمیٹی شہریار آفریدی، اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل منسوب منیر اکرم  بھی موجود تھے۔

بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے 29.4ارب ڈالر کی ترسیلات بھیجیں

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ حکومت بیرون ملک پاکستانیوں کی مشکور ہے جنہوں نے کورونا وبا کے باوجود 29.4 ارب ڈالر کی تاریخی رقوم پاکستان بھیجیں جس میں سے 3 ارب ڈالر کی ترسیلات امریکہ میں مقیم پاکستانیوں نے بھیجیں۔

بیرون ملک مقیم 90 لاکھ پاکستانیوں  کو ووٹ کے حق سے محروم نہ کیا جائے

الیکٹرانک ووٹنگ مشین اور بیرون ملک مقیم پاکستانیو ں کو ووٹ کا حق دینے کے متعلق گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کا ہمیشہ سے موقف رہا ہے کہ سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دیا جائے۔ بیرون ملک مقیم پاکستان پاکستان کے خاموش خدمت گزار ہیں جن کیلئے میں آج اپوزیشن جماعتوں سے اپیل کرتا ہوں کہ 90 لاکھ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو انکے ووٹ کے حق سے محروم نہ کریں، ہم ووٹنگ کے سسٹم کو شفاف اور فول پروف بنانے کی کوشش کر رہے ہیں، اس میں رکاوٹیں کھڑی نہ کریں۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں


About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved