چین اور بھارت سرحدی تنازعات حل کرنے کیلئے چودہویں کورکمانڈر کانفرنس بلانے پر متفق

18  ‬‮نومبر‬‮  2021

چین اور بھارت لداخ سمیت دیگر سرحدی تنازعات حل کرنے اور بارڈر سے فوجوں کی واپسی کیلئے چودہویں کورکمانڈر کانفرنس منعقد کرنے کیلئے متفق ہو گئے ہیں۔

چینی جریدے گلوبل ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق یہ فیصلہ دونوں ممالک کی وزارت خارجہ کے اعلیٰ افسران کے 18 نومبر 2021ء کو ہونے والے ورچوئل اجلاس میں کیا گیا۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دونوں ممالک نےسرحد سے فوجوں کی واپسی کیلئے مسلسل رابطہ کاری اور دوطرفہ معاہدوں پر سختی سے عملدرآمد کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ فوجی کمانڈروں کی میٹنگ کے انعقاد تک دونوں ممالک سفارتی اور فوجی رابطہ کاری کا عمل جاری رکھیں گے تاکہ کوئی ناخوشگوار واقعہ رونما نہ ہو سکے۔

میڈیا رپورٹس میں دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کی رواں برس جولائی میں دوشنبے میں ہونے والی ملاقات کا حوالہ دے کر بتایا گیا ہے کہ بھارت چین کے ساتھ تنازعات حل کرنے کیلئے بیک ڈور ڈپلومیسی چینلز کا بھرپور استعمال کر رہا ہے۔

واضح رہے کہ دونوں ممالک کی جانب سے چودہویں کورکمانڈر کانفرنس کی تاریخ کااعلان نہیں کیا گیا، اور یہ بھی یاد رہے کہ دونوں ممالک کے فوجی کمانڈروں کی تیرہویں کورکمانڈر میٹنگ گذشتہ مہینے بغیر کسی نتیجے کے ختم ہو گئی تھی، جس کے بعد دونوں ممالک کے مابین کشیدگی میں اضافہ ہو گیا تھا۔ بھارت کے چیف ڈیفنس سیکریٹری بپن راوت نے گذشتہ ہفتے اپنے بیان میں کہا تھا کہ چین بھارت کی سلامتی کیلئے سب سے بڑا خطرہ بن گیا ہے، اس کے بعد بھارتی حکام نے چین کے حملے کے پیش نظر  سری نگر لداخ ہائی وے بند کر دی تھی۔ بپن راوت کے بیان پر چین کا کہنا تھا کہ بھارت چین کارڈ کھیلنا بند کرے، اور چین کے خلاف منفی پراپیگنڈے کی روش ترک کردے، ورنہ اسے سنگین نتائج بھگتنا ہوں گے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved