پاکستان کو آئی ایم ایف سے اگلی قسط جلد ملنے کا امکان

19  ‬‮نومبر‬‮  2021

پارلیمنٹ سے بلوں کی منظوری کے بعد پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان پروگرام چلانے کے لیے معاملات پر اصولی اتفاق ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق آئی ایم ایف (بین الاقوامی مالیاتی فنڈ) کی پروگرام سے منسلک پیشگی شرائط پر عمل درآمد کے بارے میں پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے منظور ہونے والے قوانین پر عمل درآمد شروع ہوتے ہی آئی ایم ایف کی جانب سے پروگرام کی بحالی اور اقتصادی جائزہ کی تکمیل سے متعلق اعلان متوقع ہے۔
پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں اسٹیٹ بینک اور ایس ای سی پی سمیت دیگر قوانین منظور ہونے کے بعد دستخط کے لیے صدر مملکت کو بھجوائے جاچکے ہیں اور توقع ہے کہ جلد صدر کے دستخطوں کے بعد قوانین کا ایکٹ کی صورت اطلاق ہوجائے گا اور اس حوالے سے باضابطہ نوٹی فکیشنز بھی جاری ہوجائیں گے۔
پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان مذاکرات مکمل ہوچکے تھے اور چند روز قبل آئی ایم ایف کی جانب سے پاکستانی حکام کو پروگرام کو ٹریک پر لانے سے متعلق پیشگی اقدامات کے بارے میں آگاہ کردیا گیا تھا جس کے بعد پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے اہم بل پاس کروائے جاچکے ہیں۔
حکومت کی طرف سے اسٹیٹ بینک سے متعلقہ سمیت دیگر اہم قانون سازی پر عمل درآمد ہونے پر آئی ایم ایف کی طرف سے آج یا اگلے چندروز میں باضابطہ اعلان متوقع ہے جس کے بعد آئی ایم ایف بورڈ کی طرف سے پاکستان کے لیے اقتصادی جائزہ کی منظوری ہوگی اور پاکستان کو آئی ایم ایف سے قرضے کی اگلی قسط ملنے کا امکان ہے۔
آئی ایم ایف کے ساتھ پروگرام ٹریک پر آنے کے بعد عالمی بینک اور ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے بھی فنانسنگ مل جائے گی۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved