میسی نے پیسہ کمانے میں سب کھلاڑیوں کو پیچھے چھوڑ دیا، فٹبال سپر اسٹار نے ایک سال میں 130 ملین ڈالرز یعنی 24 ارب روپے کمائی کی۔
گراونڈ میں مایوس کن سال کے باوجود، پیرس سینٹ جرمین کے سٹار لیونل میسی گزشتہ 12 مہینوں میں دنیا کے سب سے زیادہ معاوضہ لینے والے ایتھلیٹ تھے۔
میسی کی ایک سال میں آن اور آف فیلڈ سالانہ 130 ملین ڈالر کی آمدنی رہی، جس سے انہوں نے امیر ترین کھلاڑی کی فہرست میں لیبرون جیمز اور اپنے حریف کرسٹیانو رونالڈو کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
میسی فٹ بال کھیل کر سالانہ 75 ملین ڈالر کماتے ہیں، جبکہ اسپانسر شپ ڈیلز اور اشتہاروں کی مد میں ان کی آمدنی کا تخمینہ 55 ملین ڈالر لگایا گیا ہے۔
یہ دوسرا موقع ہے جب ارجنٹائن کھلاڑی فوربز کی فہرست میں سرفہرست ہیں، لیونل میسی نے 2019 میں بھی سب سے زیادہ قیمتی کھلاڑی کا اعزاز حاصل کیا تھا۔
اس فہرست میں امریکی باسکٹ بال کھلاڑی لیبرون جمیز 121 ملین ڈالر کی آمدنی یعنی 23 ارب روپے کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔ جبکہ تیسرے نمبر پر پرتگال نیشنل فٹ بال ٹیم کے کھلاڑی رونالڈو کی آمدنی 21 ارب روپے تک پہنچ گئی۔
فوربز کی فہرست میں ٹاپ ٹین میں کوئی بھی خاتون کھلاڑی کا نام نہیں آیا، امیر ترین کھلاڑی کی فہرست میں ٹاپ ٹین میں تمام کھلاڑی مرد ہیں۔