چین کی سائبر سیکیورٹی کمپنی اینٹنی لیب نے انکشاف کیا ہے کہ بھارتی ہیکرز کے نئے بنائے گئے گروپس نے چین اور پاکستان کے دفاعی یونٹس پر سائبر حملے کئے ہیں، جن کی لوکیشن دہلی کے علاقے سے ٹریس ہوئی ہے۔
سائبر سیکیورٹی کمپنی کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یہ سائبر حملے چینی نام You Xiang کے نام سےبنائی گئی کمپنی کی جانب سے کئے گئے، تاکہ چینی نام ظاہر ہونے کی وجہ سے بھارت پر شبہ نہ ہو سکے۔
سیکیورٹی کمپنی کے سربراہ نے چینی جریدے گلوبل ٹائم سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پہلی بار ان حملوں انکشاف 2017ء میں ہوا تھا جب ان ہیکرز نےچین اور پاکستان کی حکومتی اور ملٹری ویب سائٹس کے علاوہ دیگر ایشیائی ممالک کی حساس ویب سائٹس پر حملے کئے۔ مزید کہا کہ تحقیقات سے یہ انکشاف ہوا کہ یہ ہیکرز You Xiang کے علاوہ Baby Elephant سمیت دیگر متعدد ناموں سے پاکستان اور چین کی حساس ویب سائٹس کو نشانہ بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
اینٹنی لیب کے سربراہ کا کہنا تھا کہ کورونا وبا کے دوران ان سائبر حملوں میں بہت تیزی آگئی تھی، یہاں تک BaBy Elephant جنوبی ایشیاء میں سائبر حملے کرنے والا سب سے متحرک گروپ بن گیا۔
سیکیورٹی کمپنی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ BaBy Elephant کے پاکستان اور چین کے دفاعی یونٹس پر سائبر حملوں کی تعداد 2017ء کے بعد ہر سال دگنی ہوتی گئی، حتیٰ کہ 2021ء میں ان ہیکرز نے پاکستان اور چین کے حساس ترین مواد کو چرانے کی کوشش کی۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہبھارتی ہیکرز کی جانب سے ہیکنگ کیلئے مختلف ایپلیکیشنز، ویب سائٹس، ای میلز اور دیگر Key words کا استعمال کر کے چین اور پاکستان کے علاوہ نیپال، سری لنکا کی حساس ویب سائٹس سے بھی مواد چرانے کی کوشش کی گئی۔
سائبر سیکیورٹی کمپنی کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بھارتی ہیکرز کے چین اور پاکستان پر سائبر حملوں میں زیادہ تر سائبر حملے عسکری اور حکومتی اداروں کی ویب سائٹس پر کئے گئے تاکہ حساس ترین مواد چرایا جا سکے، لیکن انہیں خاطر خواہ کامیابی نہیں مل سکی۔