مقبوضہ کشمیر کی مسجد سے آزادی کے حق میں نعرے گونجنے لگے

21  ‬‮نومبر‬‮  2021

مقبوضہ کشمیر کی ایک مسجد کے لاؤڈ اسپیکرز سے کشمیر کی آزادی اور بھارت کے خلاف نعرے لگائے جا رہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق کشمیر میڈیا سروس نے اپنی ویب سائٹ پر ایک ویڈیو جاری کی ہے، جس میں مسجد کی لاؤڈ اسپیکر سے کشمیر کی آزادی اور بھارت کے خلاف نعرے لگائے جا رہے ہیں۔سوا دو منٹ کی اس ویڈیو میں دیکھا اور سنا جا سکتا ہے کہ لاؤڈ اسپیکر سے مسلسل کشمیر کی آزادی کے نعرے بلند ہو رہے ہیں، لاؤڈ اسپیکر پر کہا جا رہا ہےہم لے کے رہیں گے آزادی  ہم چھین کے لیں گے آزادی۔یہ ویڈیو چند راہگیروں نے بنائی ہے، اور جسے کشمیر میڈیا سروس نے اپنی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کیا ہے۔

واضح رہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں غاصب بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی میں آج ضلع کولگام میں ایک کشمیری نوجوان کو شہید کر دیا تھا جبکہ چند روز قبل بھی قابض بھارتی فورسز نے سرچ آپریشن کی آڑ میں 4 کشمیری ڈاکٹرز کو شہید کر دیا تھا۔

دوسری جانب مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے ہاتھوں ماورائے عدالت نہتے شہریوں کے قتل کے خلاف برسلز میں احتجاجی دھرنا دیا گیا۔ برسلز میں یورپی یونین ایکسٹرنل ایکشن سروس اور یورپی کمشن سمیت یورپی اداروں کے مرکزی دفتر کے سامنے احتجاجی دھرنے کا اہتمام کشمیرکونسل یورپ نے کیا ہے ۔ شرکا نے بھارتی مظالم کا نشانہ بننے والے بچوں اور خواتین اور نوجوانوں کی تصاویر اٹھا رکھی تھیں۔ مظاہرین نے پلے کارڈز بھی اٹھا رکھے تھے جن پر کشمیری عوام کے حق میں اور مقبوضہ علاقے میں بھارتی مظالم کے خلاف نعرے درج تھے۔ کے پی آئی کے مطابق کشمیر کونسل یورپ کے چیئرمین علی رضا سید نے دھرنے کے شرکا سے اپنے خطاب میںکہا کہ ہم مقبوضہ کشمیر میں شہریوں کے قتل سمیت انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ ہیومن رائٹس واچ کی ڈائریکٹر برائے جنوبی ایشیا میناکشی گنگولی نے امریکی نشریاتی ادارے سے لندن میں بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں بھی بے گناہ شہریوں کے مارے جانے کے کئی واقعات پیش آئے جن میں بڑی تعداد میں بے گناہ شہریوں کی جانیں گئیں لیکن تحقیقات میں سکیورٹی اہلکاروں کے نام آنے کے باوجود انہیں حاصل استثنیٰ کی وجہ سے وہ سزا سے بچ گئے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved