حکومت نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کا دورہ منسوخ کرانے میں بھارتی ہاتھ ملوث ہونے کے ثبوت سامنے لے آئی

22  ستمبر‬‮  2021

آج وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری اور وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے اسلام آباد میں مشترکہ پریس کانفرنس کی۔ جس میں وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے بتایا کہ 19 اگست 2021ء کو احسان اللہ احسان کے نام ایک فیس بک پر پوسٹ کی گئی جس میں کہا گیا کہ داعش پاکستان میں نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کو نشانہ بناسکتی ہے۔

جس کے بعد بھارتی صحافی ابھی نندن مشرا جو کہ سنڈے گارڈین اخبار کے بیوروچیف ہیں انہوں نے اسی اخبار میں ایک مضمون شائع کیا جس میں لکھا گیا تھا کہ احسان اللہ احسان کی جانب سے نیوزی لینڈ ٹیم پر حملے کا خطرہ ہے، اس صحافی کے امراللہ صالح سے بھی کافی گہرے مراسم ہیں جو کسی سے ڈھکے چھپے نہیں۔

نیوزی لینڈ ٹیم کو دھمکی آمیز ای میلز بھارت سے کی گئیں

اس کے بعد 24 اگست 2021ء کو ایک ای میل اکاؤنٹ بنایا جاتا ہے اور اسی دن اس  اکاؤنٹ سے مارٹن گپٹل کی اہلیہ کو ای میل کی جاتی ہے کہ اس کے شوہر کو پاکستان میں نشانہ بنایا جاسکتاہے۔ اس ای میل اکاؤنٹ سے صرف ایک یہی ای میل کی گئی جو کہ پروٹون ویب سرور پر بنایا گیا کیونکہ یہ محفوظ تصور کیا جاتا ہے۔

یہ سب کچھ فیک اکاؤنٹس سے کیا جا رہا تھا لیکن اس کے باوجود نیوزی لینڈ کی ٹیم 12 ستمبر 2021ء کو پاکستان پہنچ گئی۔

اس کے بعد 17 ستمبر 2021ء کو حمزہ آفریدی کے نام سے ایک فیک جی میل اکاؤنٹ بنایا گیا اور اکاؤنٹ بنانے کے 15 منٹ بعد اس سے نیوزی لینڈ کی ٹیم کو دھمکی آمیز ای میل کیا گیا۔ یہ ای میل اکاؤنٹ بھارت میں بنایا گیا اور وہیں سے ای میل کی گئی جبکہ وی پی این کی مدد سے Location سنگاپور کی ڈال دی گئی۔ حمزہ آفریدی کا نام شاید اس لئے استعمال کیا گیا تاکہ شبہ ہو کہ یہ تھریٹ پاکستان سے موصول ہو رہا ہے۔ یہ ای میل جس ڈیوائس سے کی گئی اس کی اصلی Location ممبئی مہاراشٹرا کی ہے اور ڈیوائس پر اور 13 مزید آئی ڈیز ہیں جو کہ بھارتی ناموں کی ہیں۔

وزیراطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے بارہا کیوی حکام سے کہا کہ تھریٹ کی معلومات شیئر کی جائیں کیونکہ آپ کی ٹیم اگر واپس بھی چلی جاتی ہے تو تھریٹ تو موجود رہے گا، جس سے پاکستانی عوام کی جانوں کو خطرہ ہے، لیکن وہ تھریٹ انفارمیشن سے بالکل نابلد تھے اور انہوں نے کوئی تفصیلات شیئر نہیں کیں۔

کھلاڑی تھکے ہوئے ہیں، برطانیہ کا یہ عذر بھی تھکا ہوا ہے

ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کے متعلق وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ دسمبر میں آنے والی ٹیم کو ابھی سے احسان اللہ احسان کے اکاؤنٹ سے ای میل کر دیا گیا ہے۔ ان فیک تھریٹس پر نیوزی لینڈ وزیراعظم نے کہا کہ یہ سنجیدہ تھریٹ ہے اور ہمارے پاس دورہ منسوخ کرنے کے علاوہ اور کوئی آپشن نہیں۔ ان حقائق پر برطانوی حکام یہ عذر پیش کرنا کہ ہمارے کھلاڑی تھکے ہوئے ہیں یہ عذر بھی تھکا ہوا ہے۔

یہ انٹرنیشنل کرکٹ پر حملہ ہے، آئی سی سی نوٹس لے

آئی سی سی کو مخاطب کرتے ہوئے وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ یہ پاکستان کو تھریٹ نہیں بلکہ انٹرنیشنل کرکٹ کے ساتھ ایک سازش ہے، آئی سی سی اس کا نوٹس لے۔ پی سی بی آئی سی سی کیساتھ معاملہ اٹھائے گا جبکہ دفتر خارجہ سفارتی سطح پر یہ حقائق دنیا کے سامنے لائے گا۔

وفاقی وزیراطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کو ففتھ جنریشن وار کا سامنا ہے جو کہ طاقتور ایجنسیز اور ریاستیں پاکستان کے خلاف لڑ رہی ہیں۔

آسٹریلیا کو بھی ایسے ہی کوئی ای میل چلی جائے گی

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ اب اسی طرح ایک فیک ای میل آسٹریلیا کو بھی چلی جائے گی، یہ سب ٹوپی ڈرامہ ہے پاکستان کا کردار بہت اہم ہے، ہمیں تنہا نہیں کیا جا سکتا۔بھارت کے افغانستان سے 66 کیمپس ختم ہوگئے اس کا یہی واویلا ہے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں


About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved