ایشیاکپ ہاکی ٹورنامنٹ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ ایک ایک گول سے برابر ہوگیا۔
انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ میں ہونے والے ایشیاکپ کا اہم میچ پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا، پہلا کواٹر سنسنی خیز ثابت ہوا، ابتدا میں دونوں ٹیموں کو پینالٹی کارنر ملے لیکن کوئی ٹیم گول نہ کرسکی۔
بھارت کو ملنے والے تیسرے پینالٹی کارنر کو کارتی سلوام نے گول میں بدل دیا اور ایک گول کی برتری حاصل کرلی۔
دوسرے اور تیسرے کواٹر میں دونوں ٹیموں کو گول کرنے کے مواقع ملے لیکن کوئی ٹیم گول نہ کرسکی۔
پاکستان کی فارورڈ لائن نے گول کرنےکےکئی آسان مواقع ضائع کیے جب کہ پاکستانی گول کیپر اکمل حسین نے کئی یقینی گول روک کر بھارت کے اسکور کو آگے بڑھنے نہ دیا۔
چوتھے اور آخری کواٹر میں پاکستان نے بہتر کھیل پیش کیا، میچ کے آخری لمحات میں پاکستان کے رانا عبد الوحید نےگول کرکے مقابلہ برابر کردیا۔
پاکستانی گول کیپر اکمل حسین کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا،پاکستان ٹیم دوسرا میچ کل انڈونیشیا کے خلاف کھیلے گی۔