افغان طالبان نے ٹی وی ڈراموں اور فلموں میں اداکاراؤں کو دکھانے پر پابندی لگادی جبکہ خواتین رپورٹرز کو رپورٹنگ کے دوران حجاب پہننے کی ہدایت بھی دی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق افغانستان میں طالبان حکومت کی جانب سے چند نئے اقدامات کا اعلان کیا گیا ہے جن کے تحت خواتین پر ٹی وی ڈراموں میں کام کرنے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔انھی قواعد کے مطابق خواتین صحافی اور ٹی وی اینکرز کو پابند کیا گیا ہے کہ ٹی وی پر آنے سے قبل انھیں سر ڈھانپنا ہو گا۔افغان طالبان حکام کی جانب سے ٹیلی ویژن پروگرامز سے متعلق نئی گائیڈ لائنزجاری کی گئی ہیں۔ جس میں ٹی وی چینلز کو 8 نکاتی ہدایات بھیجی گئی ہیں۔ جن میں اسلامی قانون کے خلاف سمجھی جانے والی فلموں پر پابندی بھی شامل ہے۔طالبان کا کہنا ہے کہ غیر ملکی ثقافت کو فروغ دینے والی غیر ملکی فلمیں بھی نشر نہیں کی جائیں گی، اسلامی اور افغان اقدار کے منافی پروگرامز اور فلموں پرپابندی عائد کردی جائے گی۔
یاد رہے افغانستان میں طالبان کی حکومت کے قیام کے بعد لڑکیوں کے تعلیمی ادارے بند کر دیے گئے تھے اور پوری دنیا کی جانب سے افغان حکام سے لڑکیوں کے تعلیمی ادارے کھولنے پر زور دیا جا رہا تھا۔ اب افغانستان کی وزارت داخلہ کے حکام کا کہنا ہے کہ بہت جلد لڑکیوں کے تعلیمی ادارے دوبارہ کھل جائیں گے۔