پاکستان کرکٹ ٹیم کے ٹاپ آرڈر بیٹر شان مسعود کو انگلش کاؤنٹی ڈربی شائر نے ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ کیلئے کپتان مقرر کردیا ہے۔
شان مسعود نے اس سیزن میں ڈربی شائر کے ساتھ معاہدہ کیا تھا اور ریڈ بال کرکٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 9 اننگز میں 844 رنز بنائے، جن میں دو ڈبل سنچریاں بھی شامل ہیں۔
ڈربی شائر کے کوچ مکی آرتھر کا کہنا ہے کہ اسکواڈ میں شان کی بہت عزت کی جاتی ہے اور پلیئر اس کو سپورٹ بھی کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ شان مسعود انگلینڈ ٹی ٹوئنٹی میں کسی کاؤنٹی کی کپتانی کرنے والے دوسرے پاکستانی ہیں ، اس سے قبل وسیم اکرم ہمپشائر کی ایک میچ میں قیادت کر چکے ہیں۔
یاد رہے کہ شان مسعود پاکستان سپر لیگ میں ملتان سلطانز، قومی ڈومیسٹک سیزن میں سدرن پنجاب اور کشمیر پریمیر لیگ میں باغ اسٹالینز کی قیادت بھی کرچکے ہیں۔