آج اسلام آباد میں وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی شبلی فراز کا کہنا تھا کہ ضروری نہیں کہ ہماری وزارت کی بنائی ہوئی ای وی ایم کا استعمال کیا جائے لیکن آئندہ عام انتخابات الیکٹرانک ووٹنگ مشین سے ہی ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے اپوزیشن کو دعوت دی کہ ہماری الیکٹرانک ووٹنگ مشین چیک کریں، لیکن انہوں نے نہیں کی، اب الیکشن کمیشن نے تکنیکی ماہرین پر مشتمل ٹیم بنائی ہے، یہ الیکشن کمیشن کا ہی مینڈیٹ ہے کہ کون سی مشین استعمال کی جائے، ہم ان کے اختیارات میں مداخلت نہیں کر رہے، ہم الیکشن کمیشن سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین پراپنی سفارشات پیش کرے۔یہ ایک نیوٹرل ایمپائر ہے، الیکشن کمیشن جس مشین کو چاہے حتمی شکل دے لے۔
اصلاحات نہ کیں تو آئندہ انتخابات بھی متنازع ہوں گے
وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کا اپوزیشن کو مخاطب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اگر ہم نےاصلاحات نہ کیں، اپنا قبلہ درست نہ کیاتو آئندہ انتخابات بھی متنازع ہوں گے،کچھ لوگ ہیں جو پرانے سسٹم سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں لیکن یہ بات تو طے ہے کہ آئندہ انتخابات مشین سے ہی ہوں گے۔
اپوزیشن کے ساتھ مل کر پارلیمانی کمیٹی بنا رہے ہیں
شبلی فراز کا مزید کہنا تھا کہ اسپیکر قومی اسمبلی اپوزیشن کے اراکین اسمبلی کے ساتھ مل کر ایک کمیٹی بنا رہے ہیں، کیونکہ حکومت کسی کو بلڈوز نہیں کرنا چاہتی، ہم چاہتے ہیں کہ جمہوریت اور پارلیمنٹ کا وقار بلند رہے اور ای وی ایم کا عمل آگے بڑھے۔