گوگل میپس آپ کو راستے تلاش کرنے میں تو مدد فراہم کرتا ہے مگر اب یہ سروس تازہ ہوا میں سانس لینا بھی ممکن بنائے گی۔
گوگل کی اس مقبول سروس میں ائیر کوالٹی لیئر نامی فیچر کا اضافہ کیا جارہا ہے جو صارف کے ارگرد موجود ہوا کے معیار کے بارے میں بتائے گا۔
یعنی آپ کے ارگرد ہوا خراب ہے یا اچھی، گوگل میپس سے جاننا ممکن ہوگا۔
ان تفصیلات کو جان کر آپ زیادہ بہتر فیصلہ کرسکتے ہیں کہ گھر سے باہر جانا چاہیے اور اگر جانا لازمی ہے تو وقت کے دورانیے کا فیصلہ کرنے میں بھی مدد مل سکے گی۔
گوگل میپس میں یہ تفصیلات قابل اعتبار ماحولیاتی اداروں کے ڈیٹا کے ذریعے فراہم کی جائیں گی۔
یہ فیچر استعمال کرنے کے لیے سیٹنگز مینیو میں جاکر وہاں ائیر کوالٹی آپشن کو سلیکٹ کرنا ہوگا۔
یہ فیچر فی الحال صرف امریکا میں متعارف کرایا جارہا ہے مگر امکان یہی ہے کہ آنے والے مہینوں میں دنیا بھر میں صارفین اسے استعمال کرسکیں گے۔