انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے چیف ایگزیکٹیو جیف ایلرڈائس نے ایک بار پھر کہا ہے کہ روایتی حریفوں کے درمیان صورتحال ہمارے اختیار میں ہی نہیں ہے۔
ایک انٹرویو میں سی ای او جیف ایلرڈائس نے کہا کہ ہماری کوشش ہے ٹیسٹ چیمپئن شپ میں ہر ٹیم مخصوص تعداد میں میچز کھیلے، پاکستان اور بھارت بھی اس کا حصہ ہیں مگر دونوں کے درمیان صورتحال ہمارے اختیار سے باہر ہے، یہ اچھی بات ہے کہ دونوں ٹیسٹ چیمپئن شپ میں موجود اور بہترین کارکردگی کیلئے کوشاں ہیں۔
سال 2025ء میں پاکستان میں چیمپئنز ٹرافی کے انعقاد اور بھارت کی شرکت کے حوالے سے سوال پر ایلرڈائس نے کہا کہ سب سے اچھی بات یہ ہے پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ بحال ہوچکی ، اب ایک بار پھر سے وہ کثیر القومی ٹورنامنٹس کی میزبانی کیلئے تیار ہے، گزشتہ 2 برس کے دوران پاکستان نے کئی بڑی ٹیموں کی میزبانی کی، حال ہی میں آسٹریلوی ٹیم نے بھی طویل ٹور کیا، وہ اچھے میزبان ثابت ہوئے ہیں، 2025ء تک کیا صورتحال ہوتی ہے اس کے بارے میں ابھی کچھ کہنا قبل از وقت ہے، فی الحال ہماری توجہ 2023ء میں شیڈول ورلڈ کپ اور 2024ء کے ٹی 20 میگا ایونٹ پر مرکوز ہیں۔
آئی سی سی میں آسٹریلیا، انگلینڈ اور بھارت کی کلیدی حیثیت اور پاکستانی بورڈ کے چیئرمین رمیز راجہ کی جانب سے دی جانے والی نئے ایونٹ کی تجویز سے متعلق سوال پر ایلرڈائس نے کہا کہ کچھ ایسے بنیادی ممبرز ہیں جو انٹرنیشنل کرکٹ کیلئے انتہائی ضروری ہے، وہ گیم میں بدستور مضبوط سے مضبوط تر ہورہے ہیں، وہ اپنے ممالک میں بہترین بزنس ماڈلز تشکیل دے چکے، اس کے ساتھ ہم دوسرے ممالک کو بھی آگے بڑھنے کے یکساں مواقع فراہم کررہے ہیں، وہ بھی خود کو بہترین ثابت کرکے آگے بڑھ کر لیڈر کا کردار ادا کرسکتے ہیں۔