فیس بک پر دوستی کرکے لڑکی نے بھارتی ڈیفنس ریسرچ اینڈ ڈیویلپمنٹ لیبارٹری میں کام کرنیوالے انجینئر سے میزائل ٹیکنالوجی کی ساری معلومات لے لیں جس پر انجینئرکو حساس معلومات فراہم کرنے پر گرفتار کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی ریاست تلنگانہ میں بھارتی ڈیفنس ریسرچ اینڈ ڈیویلپمنٹ لیبارٹری کے ایک انجینئر کو حساس راز افشا کرنے کے جرم میں گرفتار کیا گیا ہے ۔بھارتی میڈیا کے مطابق 29 سالہ انجینئر ملیکارجن ریڈی فیس بک پر ایک خاتون سے محبت میں گرفتار ہوگیا ۔ خاتون نے بتایا کہ اس کا نام نتاشا راو ہے اور وہ برطانیہ میں رہتی ہے، اس کے والد بھارتی فضائیہ میں تھے اور بعد میں برطانیہ منتقل ہوگئے تھے۔
خاتون جنوری 2020 سے دسمبر 2021 تک دو سال انجینئر کیساتھ رابطے میں رہی، دونوں کی میسنجر اور واٹس ایپ پر بات بھی ہوتی تھی ۔خاتون نے بھارتی انجینئر کے اصرار پر اپنی تصویریں دینے کا وعدہ کررکھا تھا۔جبکہ دونوں کے درمیان دوستی شادی کے وعدوں تک جا پہنچی ۔انجینئر نے شادی کے وعدے پر زمین سے زمین پر مار کرنے والے بھارتی اگنی میزائل اور ‘کے سیریز’ کے میزائلوں میں استعمال ہونے والی ٹیکنالوجی کے بارے میں معلومات شیئر کردیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ملیکارجن ریڈی کنٹریکٹ ملازم تھااور فروری 2020 سے اس ادارے میں کام کررہا تھا،پولیس نے 29 سالہ انجینئر ملیکارجن ریڈی کو گرفتارکیا ہے اور اس نے تحقیقات کے دوران اپنا جرم بھی تسلیم کر لیا ہے۔ملزم سے دو موبائل اور ایک لیپ ٹاپ برآمد کرلیا گیا ہے، جس میں بہت سی اہم معلومات ملی ہیں اور انکشاف ہوا ہے کہ اس نے نامعلوم خاتون کو میزائل مینوفیکچرنگ سے متعلق تصاویر اور تفصیلی معلومات بھی فراہم کی ہیں۔