ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں بنگلا دیش نے 4 کھلاڑیوں کے نقصان پر 39 رنز بنالیے۔
پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ چٹاگانگ کے ظہور احمد چوہدری اسٹیڈیم میں کھیلا جا رہا ہے، ٹیسٹ کے تیسرے روز کھیل کے اختتام پر دوسری اننگز میں بنگلا دیش نے 4 کھلاڑیوں کے نقصان پر 39 رنز بنالیے جب کہ پاکستان پر 93 رنزکی سبقت بھی حاصل کرلی ہے۔
پاکستان نے تیسرے دن کا کھیل بغیر کسی نقصان کے 145 رنز سے شروع کیا تو 52 رنز پر عبداللہ شفیق پویلین لوٹ گئے، اگلی ہی بال پر اظہر علی بھی بغیر کھاتا کھولے آؤٹ ہوگئے، پاکستانی کپتان بابراعظم صرف 10 رنز بناسکے جب کہ فواد عالم بھی صرف 8 رنز کے مہمان ثابت ہوئے اور واپس پویلین چلے گئے۔
وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان بھی بنگلا دیشی بولرز کا سامنا نہ کرسکے اور صرف 5 رنز بناکر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے جب کہ سنچری اسکور کرنے والے عابدعلی نے شاندار 133 رنز کی اننگز کھیلی اور آؤٹ ہوگئے جس کے بعد پوری قومی ٹیم 286 رنز بناکر پویلین لوٹ گئی۔