دنیا کی سب سے بڑی ویکسی نیشن مہم اسلام آباد میں اختتام پذیر

28  ‬‮نومبر‬‮  2021

اسلام آباد میں ویکسی نیشن کی سب سے بڑی مہم اختتام پذیر ہو گئی ہے، جس میں 9 کروڑ سے زائد بچوں کی ویکسی نیشن کی گئی۔

ملک بھر کے 9 سے 15 ماہ کے 9 کروڑ سے زائد بچوں کو خسرہ اور روبیلا کے حفاظتی ٹیکے لگانے  کی مہم کا آغاز وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے 15 نومبر 2021ء کو کیا تھا جو کل یعنی 27 نومبر 2021ء کواختتام پذیر ہوئی۔ مہم میں محکمہ صحت کے 3 لاکھ 86 ہزار اہلکاروں نے حصہ لیا، جس میں 76 ہزار ویکسی نیٹرز، اور ایک لاکھ 43 ہزار سوشل موبلائزر شامل ہیں۔

ویکسی نیشن مہم کے مینیجر ڈاکٹر اکرم شاہ نے کہا ہے کہ  مہم میں 9 کروڑ سے زیادہ بچوں کی ویکسی نیشن کا ہدف حاصل ہوا، اور دوران مہم تین کروڑ سے زیادہ بچوں کو انسداد پولیو قطرے  بھی پلوائے گئے۔

ان کا کہنا تھا کہ فرنٹ لائن ورکرز کے شکر گزار ہیں جن کی مسلسل کوششوں کے باعث کامیابی ممکن ہوئی، انہوں نے کہا کہ والدین سمیت تمام شعبہ زندگی بشمول میڈیا اور محکمہ تعلیم کا کردار قابل ستائش رہا۔

ڈاکٹر اکرم علی شاہ نے کہا کہ مہم کے خاتمے کے بعد رہ جانے والے بچوں کی ویکسی نیشن کی سہولت اب بھی موجود ہے، جو کہ قریبی مرکز صحت سے کرائی جا سکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دنیا کی سب سے بڑی ویکسی نیشن مہم کی کامیابی پر قوم مبارکباد کی مستحق ہے۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے ویکسی نیشن مہم کے اعدادوشمار شیئر کرتے ہوئے تاریخی کامیابی پر فرنٹ لائن ورکرز کا شکریہ ادا کیا ہے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں


About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved