یاسر شاہ نے سری لنکا کیخلاف شین وارن کی بال آف دی سنچری کی یاد تازہ کردی

19  جولائی  2022

پاکستان کرکٹ ٹیم کے  لیگ اسپنر یاسر شاہ نے سری لنکا کے خلاف آنجہانی آسٹریلوی لیجنڈری اسپنر شین وارن کی مشور زمانہ ‘بال آف دی’ سنچری کی یاد تازہ کردی۔

 4 جون 1993 کو انگلینڈ کے خلاف پہلے ایشز ٹیسٹ میں مانچسٹر کے اولڈ ٹریفورڈ میدان میں شین وارن نے انگلش بیٹرمائیک گیٹنگ کو اپنی حیران کن لیگ اسپن بولنگ سے بولڈ کیا تھا۔

شین وارن کی گیند لیگ اسٹمپ پر گری جو حیران کن طور پر ٹرن ہوکر مائیک گیٹنگ کے بلے کو مس کرتی ہوئی آف اسٹمپ پر جا لگی جس کے بعد انگلش بیٹر بھی حیران رہ گئے۔

بعد ازاں اس گیند کو بال آف دی سنچری قرار دیا گیا۔

دوسری جانب تقریباً 29 سال بعد پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیگ اسپنر یاسر شاہ نے گال میں جاری سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ میچ میں شین وارن کی بال آف دی سنچری سے ملتی جلتی گیند کروا کر سری لنکن بیٹر کوشل مینڈس کو پویلین بھیجا۔

ہوا کچھ یوں کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلے جارہے پہلے ٹیسٹ کے تیسرے دن سری لنکن بیٹر کوشل مینڈس 76 رنز پر بیٹنگ کررہے تھے کہ یاسر شاہ نے ایک بہترین لیگ اسپن بال سے انہیں بولڈ کردیا۔

یاسر شاہ کی جانب سے مینڈس کو کروائی گئی گیند بظاہر شین وارن کی بال آف دی سنچری کی طرح لیگ اسٹمپ پر پچ ہو کر  بیٹر کے بلے کو دھوکا دیتے ہوئے آف اسٹمپ پر جاکر لگی۔

یاسر شاہ کی بہترین گیند پر کمنٹیٹر بھی انہیں داد دیے بغیر نہ رہ سکے جبکہ سوشل میڈیا صارفین نے بھی اسے شین وارن کی بال آف دی سنچری سے تشبیہ دی۔

واضح رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان گال انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھلے جارہے میچ میں تیسرے روز کا کھیل ختم ہوا۔

تیسرے دن کے اختتام پر سری لنکا نے دوسری اننگز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 329رنز بنائے ہیں جب کہ دنیش چندی مل 86 اور پراباتھ جے سوریہ 4 رنز بناکر کریز پرموجود ہیں۔

سری لنکا کو پاکستان کے خلاف 333 رنز کی مجموعی برتری حاصل ہے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں


About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved