آج راولپنڈی میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں شہبازشریف کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے آج سے 8،10 سال پہلے کنٹونمنٹ میں آنکھ کھولی تھی، اسی کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات میں آپ نے اس پی ٹی آئی کو اپنی نیند آپ سلادیا ہے، آپ لاہور سے بھی آگے نکل گئے۔ انہوں نے کہا کہ کنٹونمنٹ کے انتخابات میں کوئی مداخلت نہیں ہوئی، اگر ایسے ہی شفاف انتخابات کرائے گئے تو 2023ء میں پی ٹی آئی کو سیاسی طور پر دفن کر دیں گے۔
عوام 2023 میں پی ٹی آئی کی سیاست کو دفن کر دیں گے جو کھوکھلے نعروں، کرپشن اور نااہلی سے عاجز آ چکے ہیں اور جس کی وجہ سے ملک دہائیوں پیچھے جا چکا ہے۔ پنجاب میں کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی فتح پی ٹی آئی کی عوام دشمن سیاست کے خاتمے کا آغاز ہے۔
— Shehbaz Sharif (@CMShehbaz) September 26, 2021
2023ء کے انتخابات شفاف کرانے ہوں گے
قائد حزب اختلاف کا کہنا تھا کہ 2023ء کے انتخابات شفاف کرانے ہوں گے، ہمارا شفاف انتخابات کا یہ مطالبہ الیکشن کمیشن ، عدلیہ اور تمام اداروں سے ہے۔
سلیکٹڈ وزیراعظم نے ملک تباہ کردیا، ایک کروڑ نوکریوں کا دعویٰ کرنے والوں نے لاکھوں لوگ بے روزگار کر دئیے۔ آج لوگوں کو ادویات نہیں ملتیں، آٹا، چینی اور اشیائے خوردونوش کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں، ڈالر 170 روپے سے زائد کا ہو گیا، سلیکٹڈ وزیراعظم عوام کا تیل نکال کے کہتا ہے کہ گھبرانا نہیں ہے۔