وفاقی وزیر برائے قومی صحت عبدالقادر پٹیل نےکہا ہے کہ یو ایس ایڈ نے پاکستان میں ویکسی نیشن کیلئے اضافی طور پر 20 ملین ڈالر کی فراہمی کا وعدہ کیا ہے،امریکی سنٹر فار ڈیزیز کنٹرول بھی پاکستان میں بیماریوں کے ڈیٹا سینٹر کی مضبوطی کیلئے ادارہ صحت کی معاونت کرے گا۔
اسلام آباد – (اے پی پی): وزارت صحت سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کااظہارانہوں نے امریکہ میں پاکستان اور امریکا کے درمیان ہیلتھ ڈائیلاگ کے موقع پر کیا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان اور امریکہ نے صحت کے شعبوں میں تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وبائی امراض اور صحت کے تحفظ کےچیلنج سے نمٹنے کیلئے پاک امریکا اشتراک کار بہت اہم ہے۔امریکی فوڈ اینڈڈرگ ایڈمنسٹریشن اور ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان کے درمیان تعاون مستحکم کرنے کافیصلہ کیاہے۔
وفاقی وزیر نے کہاکہ یو ایس ایڈ نے پاکستان میں ویکسی نیشن کیلئے اضافی طور پر 20ملین ڈالر کی فراہمی کا وعدہ کیاہے،پاکستان اور امریکہ حفاظتی ٹیکہ جات ،غذائیت ،زچہ بچہ کی صحت، نوزائیدہ بچوں کی زندگیاں بچانے اور سرحد پار صحت کے تحفظ بارے تعاون میں پیش رفت کریں گے، دونوں ممالک نے پاکستان میں بیماریوں پر قابو پانے کیلئے سینٹر کی تشکیلِ و ترقی کیلئے مشترکہ کوششیں شروع کر دی ہیں۔
عبدالقادر پٹیل نے کہاکہ امریکی سنٹر فار ڈیزیز کنٹرول پاکستان میں بیماریوں کے ڈیٹا سینٹر کی مضبوطی کیلئے ادارہ صحت کی مدد کرے گا ۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کی وبا کے دوران پاک امریکہ تعاون سے صحت کے شعبے میں بڑھتے ہوئے تعاون کا پتہ چلتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ صحت کے شعبے میں پاک امریکا تعاون ،بیماریوں اور وبا کے خلاف ڈھال سے قیمتی انسانی جانیں بچائی جاسکتی ہیں،بیماریوں کی کوئی سرحد نہ ہونے سے وبا کسی خاص ملک کیلئے نہیں بلکہ پورے خطے کیلئے چیلنج ہو گی۔وزیر صحت نے کہا کہ پولیو کے خاتمے میں کامیابی کیلئے ماں اور بچے کی غذائیت بہت اہم ہے، پاکستان عالمی صحت کے تحفظ بارے ایجنڈے کے تحت اپنی بارڈر ہیلتھ ایجنسی کو مضبوط کر رہا ہے۔
انہوں نے کہاکہ طرفین نے معلومات، طبی مہارت اور امراض پر قابو پانے کیلئے بہترین عملی اقدامات کے تبادلے کے عزم کا بھی اظہار کیا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ امریکہ نے پاکستان کی کورونا وبا پر کامیابی پانے کیلئے کوششوں کو سراہا اور اس حوالے سے قریبی اشتراک کار جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں ملکوں کے درمیان صحت بارے آئندہ مذاکرات پاکستان میں ہوں گے ۔ عبدالقادر پٹیل نے امریکہ کی جانب سے ویکسین کی چھ کروڑ پندرہ لاکھ خوراکیں اوربچوں کیلئے ایک کروڑ ساٹھ لاکھ ویکسین کی خوراکوں کی فراہمی پر شکریہ ادا کیا۔ وفاقی وزیر نے امریکہ میں پاکستان کے سفیر مسعود خان کے تعاون کو بھی سراہا۔