اداکارہ صوفیہ مرزا کے خلاف سابق شوہر عمر فاروق نے ایف آئی اے کو درخواست دیدی۔
بزنس مین عمر فاروق نے سوشل میڈیا پر اپنے خلاف کمپین چلانے پر صوفیہ مرزا کیخلاف درخواست دی، عمر فاروق نے درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ صوفیہ مرزا نے سوشل میڈیا اور الیکٹرانک میڈیا پر ان کے خلاف کمپین چلائی۔
درخواست گزار عمر فاروق نے مطالبہ کیا ہے کہ صوفیہ مرزا جن اکاؤنٹس سے کمپین چلا رہی ہے انہیں بلاک کیا جائے۔
یاد رہے کہ چند دن قبل اداکارہ صوفیہ مرزا کے خلاف 50 کروڑ روپے ہتک عزت کا دعویٰ دائر کیا گیا تھا جس پر عدالت نے اداکارہ کو نوٹس جاری کر دیا تھا۔
ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کے روبرو درخواست گزار عمر فاروق ظہور کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ صوفیہ مرزا درخواست گزار عمر فاروق ظہور کی سابق اہلیہ ہیں، دونوں کے مابین کیسز عدالتوں میں زیر سماعت ہیں اور اس دوران صوفیہ مرزا مسلسل عمر فاروق ظہور کی سوشل میڈیا پر کردار کشی کررہی ہیں جس سے ان کی شہرت کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
وکیل نے استدعا کی تھی کہ عدالت صوفیہ مرزا کے خلاف 50 کروڑ روپے کی ہتک عزت کی ڈگری جاری کرے ، سیشن عدالت نے صوفیہ مرزا کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 7ستمبر تک جواب جمع کروانے کا حکم دیا تھا۔