پیغام رسانی کیلئے دنیا میں سب سے زیادہ استعمال ہونے والی ایپلی کیشن واٹس ایپ نے صارفین کی دیرینہ خواہش پوری کرتے ہوئے نئی تبدیلیاں متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔
کمپنی کے مطابق صارفین کی پرائیویسی کو مدنظر رکھتے ہوئے اب ’لاسٹ سین‘ (آخری مرتبہ کب آن لائن تھا) کا آپشن انفرادی لوگوں کیلئے کھولا یا بند کیا جا سکے گا جبکہ اس سے قبل یہ آپشن تمام افراد کیلئے کھولا یا بند کیا جا سکتا تھا۔ ایپلی کیشن کی نئی اپ ڈیٹ کے بعد کوئی بھی صارف اپنی مرضی کے مطابق کسی بھی نمبر پر لاسٹ سین بند کر سکے گا۔
واٹس ایپ میں گروپس کے حوالے سے بھی ایک ایسا فیچر متعارف کرایا جا رہا ہے جس کا صارفین کافی دیر سے مطالبہ کر رہے تھے یعنی خاموشی کے ساتھ کسی گروپ کو چھوڑنے کی آپشن۔اگرچہ گروپس بہت سے معاملات میں سہولت کا باعث بنتے ہیں مگر بہت بار پریشانی کا سبب بھی بن جاتے ہیں اور اگر کوئی صارف گروپ چھوڑ دے تو اس میں شامل تمام لوگ اس بارے میں جان جاتے تھے لیکن اب صرف گروپ ایڈمن کو ہی معلوم ہو گا کہ کس نے گروپ چھوڑا ہے۔
واٹس ایپ نے 2021ءمیں ویڈیو یا تصویر صرف ایک بار بھیجنے کا فیچر متعارف کرایا تھا اور وہ تصویر یا ویڈیو کھولنے کے بعد خود بخود ختم ہو جاتی ہے جبکہ اس فیچر کو ’ویو ونس‘ (صرف ایک بار دیکھیں) کا نام دیا گیا تھا اور اب کمپنی اس فیچر میں مزید جدت لا رہی ہے اور مذکورہ فیچر کے تحت بھیجی گئی کسی بھی تصویر یا ویڈیو کا سکرین شاٹ نہیں لیا جا سکے گا۔
واٹس کا صارفین کیلئے زبردست فیچرز متعارف کرانے کا اعلان
11
اگست 2022