پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کی تاریخوں سے ٹکراؤ کی وجہ سے دو نوجوان پلیئرز اعظم خان اور قاسم اکرم کو کیریبئن پریمیئر لیگ (سی پی ایل) میں شرکت کی این او سی دینے سے انکار کردیا۔
یکم ستمبر سے شروع ہونے والے کیریبئن پریمیئر لیگ میں اعظم خان کو بارباڈوس رائلز اور قاسم اکرم کو سینٹ کِٹس اینڈ نیوس پیٹریاٹس کی نمائندگی کرنا تھی تاہم اب ان پلیئرز کو 30 اگست سے شروع ہونے والے قومی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں شرکت کا کہہ دیا گیا ہے۔
پی سی بی ذرائع کے مطابق نوجوان پلیئرز جو کہ مستقبل کے پلانز کا حصہ ہیں، ان کو کہا گیا ہے کہ وہ ڈومیسٹک ٹورنامنٹس کو ترجیح دیں، پی سی بی کی پالیسی بھی یہ ہی ہے کہ لیگز میں شرکت کی اجازت اس وقت ملے گی جب اس کی تاریخیں پی سی بی کے ایونٹس سے متصادم نہ ہوں۔
فاسٹ بولر محمد عامر چونکہ ریٹائرڈ ہیں اس لیے پی سی بی نے ان کو این او سی جاری کردیا ہے جبکہ سینیئر کرکٹر عماد وسیم کو بھی این او سی جاری کیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے پلیئرز کو پیغام دیا ہے کہ قومی ٹیم میں سلیکشن کا معیار غیر ملکی لیگز نہیں بلکہ ڈومیسٹک ٹورنامنٹس ہیں۔