عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ڈاکٹر ٹیڈروس آدہانوم گیبریئسوس نے جنیوا میں ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ رواں ماہ 16 اگست سے منکی پاکس وائرس کے نتیجے میں 12 افراد ہلاک جبکہ 36 ہزار412 متاثر ہو چکے ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق انہوں نے کہا کہ منکی پاکس کی وبا دنیا میں پھیلتی جا رہی ہے جس میں حالیہ دنوں کے دوران20 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
عالمی ادارہ صحت کے سربراہ کا کہنا تھا کہ رواں سال کے آغاز سے لے کراب تک 93 ممالک میں یہ وائرس پھیل چکا ہے،گزشتہ ایک ہفتے کے دوران 7500 افراد منکی پاکس سے متاثر ہوئے ہیں اور ہفتہ وار متاثرین کی تعداد میں 20 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس وائرس کے خلاف موجودہ ویکسین موثر ہو سکتی ہے مگر ہمیں اس کے وائرس کے خلاف اثرات کے بارے میں مزید جانچنا ہوگا۔
دوسری جانب عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ فرانس میں1متاثرہ شخص کے ذریعے اس کے پالتو کتے میں بھی منکی پاکس کی علامات ظاہر ہوئی ہیں۔