وفاقی وزارت صحت کے مطابق اگست میں پنجاب اور خیبر پختونخوا کے مزید 3 شہروں کے ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، جس میں پشاور، بنوں اور لاہور شامل ہے، جہاں ماحولیاتی نمونوں میں وائلڈ پولیو وائرس ون پایا گیا۔
وفاقی وزارت صحت کے حکام کے مطابق چند دن قبل راولپنڈی، سیالکوٹ اور بہاولپور کے سیوریج کے نمونوں میں بھی پولیو وائرس پایا گیا تھا۔
حکام کے مطابق اگست میں اب تک پنجاب کے 4 اور خیبر پختونخوا کے 2 شہروں میں پولیو وائرس پایا گیا ہے۔
محکمہ صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ اس سال بنوں کے ماحولیاتی نمونوں میں چھٹی مرتبہ پولیو وائرس پایا گیا۔ جبکہ لاہور اور پشاور کے ماحولیاتی نمونوں میں دوسری بار پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی۔
محکمہ صحت کے مطابق اس سال اب تک 17 ماحولیاتی نمونوں میں وائلڈ پولیو وائرس ون کی تصدیق ہوچکی ہے۔
حکام کے مطابق سندھ اور بلوچستان میں شدید بارشوں کے سبب پولیو وائرس کے پھیلاؤ کی تصدیق نہیں کی جاسکی۔
یاد رہے کہ رواں برس ملک بھر میں سامنے آنے والے پولیو کیسز کی تعداد 14 ہو گئی ہے۔